اعظم سواتی کے اکاؤنٹ میں ایک ارب 33 کروڑ روپے: امریکا کے ویزے کے لئے اپلائی کر رکھا ہے


سپریم کورٹ میں آئی جی تبادلہ کیس کی سماعت جاری ہے جس دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی صاحب، کیا آپ کی امریکہ میں اینٹری بند ہے؟ جس پر سابق وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ امریکی ویزے کیلئے اپلائی کیا ہوا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس جاری کیے کہ اب ملک سے باہر تو نہیں جا سکتے۔ اعظم سواتی نے کہا کہ ویزے کی درخواست جلد منظور ہو جائے گی۔ میں امریکی شہریت چھوڑ چکا ہوں جبکہ میرا امریکہ میں وسیع کاروبارہے جو میں ظاہر کر چکا ہوں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جواثاثے چھپائے ہیں ان کا بتائیں۔ اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ ایف بی آر ان کے بارے میں تحقیق کر سکتا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق اعظم سواتی کے اکاؤنٹس میں ایک ارب 53 کروڑ روپے ہیں۔

علی ظفر نے عدالت میں بتایا کہ اعظم سواتی نے 1996 میں امریکی شہریت چھوڑدی تھی۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ امریکہ سے سب سے زیادہ زرمبادلہ اعظم سواتی لائے ہیں۔ اعظم سواتی خود پر لگے دھبے صاف کروانا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو مار پڑوانے والے کے خلاف مقدمہ درج کرانا ہے۔ عہدے کاغلط استعمال کرنے والا صادق اور امین کیسے ہو سکتا ہے؟ معاملے کا خود آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ٹرائل کر سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے آئی جی سے استفسار کیا کہ ” آئی جی صاحب! آپ نے پرچہ کیوں نہیں درج کیا؟ ایف آئی آر میں اعظم سواتی کا جرم شامل نہیں کیا گیا۔ کیا ہمسائیوں کو گرفتار کرنے والا دیانتدار اور راست باز ہو سکتا ہے ۔ ہم آئی جی کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، وہ ماڑے پڑ جاتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).