متحدہ عرب امارات کے ولی عہد عمران خان کے ساتھ پریس کانفرنس کئے بغیر واپس کیوں چلے گئے؟


ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان عمران خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کئے بغیر ہی دو گھنٹے 50 منٹ بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔ تین بلین ڈالرز پاکستانی اکائونٹ میں رکھنے، 6.2 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری اور تین بلین ڈالرز کے ادھار تیل کے معاہدوں پر بھی دستخط نہ ہو سکے۔ اس کے باوجود حکومت دورے کو کامیاب قرار دیتی رہی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کے ایک روزہ مختصر دورے پر پاکستان تشریف لائے تھے ۔ ان کے دورے کا شیڈول پہلے سے طے شدہ تھا۔ دورے کے دوران پاکستان اور ابو ظہبی کے درمیان تین بلین ڈالرز پاکستانی اکائونٹ میں رکھنے، 6.2 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری اور تین بلین ڈالرز کے ادھار تیل کے معاہدوں پر بھی دستخط ہونا تھے جو کہ نہ ہو سکے۔ شیڈول کے مطابق ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ون آن ون ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کرنا تھی تاہم ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان دو گھنٹہ پچاس منٹ پاکستان میں رکنے کے بعد بغیر مشترکہ پریس کانفرنس کئے وطن واپس روانہ ہو گئے جبکہ مشترکہ اعلامیہ بھی جاری نہ ہو سکا۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق پریس ریلیز یو اے ای سے جاری ہو گی جسے دیکھ کر پاکستان سے پریس ریلیز جاری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام میں سے کسی کو بھی پتہ نہیں کہ دورے کے دوران کیا ہوا؟ دونوں رہنماؤں کے درمیان کیا باتیں ہوئیں اور اس ملاقات میں کیا طے پایا ہے اس حوالے سے حکومتی حکام لاعلم ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے قوم کو بتایا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تین بلین ڈالرز کا معاہدہ پہلے سے ہی ہو چکا تھا جو کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان کو مل جانے تھے، تاہم وہ پیسے پاکستان نہیں آئےاور اب یواے ای کی جانب سے ملنے والے پیسوں سے متعلق بھی معاہدے پر دستخط نہیں ہو سکے

نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کا دورہ قطر موضوع بحث رہا۔ ہو سکتا ہے کہ یو اے ای اور قطر کے درمیان موجود اختلافات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان کسی معاملے پر اختلاف ہوا ہے جس کی وجہ سے یو اے ای کے ولی عہد کی اچانک پراسرار روانگی ہوئی ہے۔ شیخ محمد بن زید النہیان جب پاکستان تشریف لائے تو وزیراعظم عمران خان نے ان کا خود استقبال کیا، انہیں جے ایف تھنڈر طیاروں اور 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان ائیرپورٹ سے ان کی گاڑی خود ڈرائیو کر کے وزیراعظم ہائوس تک لائے جہاں انہیں گارڈآف آنر پیش کیا گیا، تاہم جب وہ وطن واپس روانہ ہو رہے تھے تو ان کو الوداع کہنے میں ویسی گرمجوشی نہیں دیکھی گئی اور نہ ہی وزیراعظم عمران خان ان کے ہمراہ تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).