پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے وراٹ کوہلی اور ان کی ٹیم کو آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مبارک باد دی ہے


پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وراٹ کوہلی اور انڈین کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا میں سیریز جیتنے اور یہ کارنامہ انجام دینے والی برصغیر کی پہلی ٹیم بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا ’برصغیر کی کسی بھی ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز جیتنے پر وراٹ کوہلی اور انڈین کرکٹ ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں‘۔

انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں انڈیا کی پہلی جیت میں کپتانی کرنا ان کے کریئر کا سب سے قابل فخر لمحہ ہے۔

ان کا کہنا تھا ’میں نے اس سے قبل کبھی بھی کسی ٹیم کا حصہ ہونے پر اتنا فخر محسوس نہیں کیا ہے۔‘

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1082566286016737281

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1082518483756298240

وراٹ کوہلی نے مزید کہا ’آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح میری بہت بڑی کامیابی ہے۔ یہ سیریز جیت کر ہمیں مختلف پہچان ملے گی۔‘

واضح رہے کہ انڈیا کی آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں 2-1 سے جیت کی اس وقت تصدیق ہوئی جب سڈنی میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کا پانچواں دن بارش کی نظر ہو گیا۔

انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں پر مشتمل سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کی ہوئی تھی اور سڈنی ٹیسٹ برابر ہونے پر سیریز انڈیا کے نام ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا نے آسٹریلیا پر ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی

سات سالہ بچہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کا شریک کپتان

پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی انڈیا پر فتح، سیریز برابر

انڈین کرکٹ ٹیم

ٹسیٹ کرکٹ اہم ترین

سڈنی میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کے آخری دن آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کے لیے یہ ٹیسٹ جیتنا ضروری تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ ڈرا ہو گیا۔

آسٹریلیا کو 30 سال میں پہلی بار اپنے ہوم گراؤنڈ پر اس وقت فالو آن کا سامنا کرنا پڑا جب انڈیا نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 622 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ اس کے جواب میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز صرف 300 رنز پر ہی سمٹ گئی تھی۔

آسڑیلیا کو میچ کے آخری دن بغیر کسی نقصان کے چھ رنز سے بیٹنگ شروع کرنی تھی تاہم بارش کے باعث میچ کے آخری دن کھیل شروع نہ ہو سکا جس کے نتیجے میں انڈیا نے سیریز جیت لی۔

وراٹ کوہلی کا جیت کے بعد کہنا تھا ’یہ قابل فخر لمحہ ہے اور اس لیے بھی کہ گذشتہ 12 مہینوں میں جس طرح بطور ایک ٹیم ہم نے وقت گزارا ہے۔ اس کا اجر ہمیں انڈین کرکٹ کے لیے سب سے تاریخی سیریز میں ملا، جو سونے پر سہاگہ ہے۔‘

وراٹ کوہلی نے کہا ’گذشتہ دس برسوں کے دوران میں نے جو کرکٹ کھیلی ہے اس میں یہ لمحہ میرے لیے سب سے قابلِ فخر لمحہ ہے۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر بہت خوش ہیں۔

’یہ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں کا گروپ ہے جسے یقین ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر بہتری لانے اور اس طرح کے انعام حاصل کرنے کے لیے مسلسل جہدوجہد کی ضرورت ہے۔ ہم یقیناً بہت خوش ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا ’ہم ہمیشہ اس پیغام کا فروغ کریں گے کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیل کا سب سے اہم اور قیمتی فارمیٹ ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp