زعیم حسین قادری نے مسلم لیگ (ن) میں واپسی کا اشارہ دے دیا


پاکستان مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما زعیم حسین قادری نے پارٹی میں واپسی کا اشارہ دے دیا۔ زعیم حسین قادری کی اہلیہ عظمیٰ قادری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف زرداری کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں، توزعیم قادری سے کیوں نہیں مل سکتے؟ انہوں نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زعیم قادری ن لیگ میں واپس جا سکتے ہیں۔

عظمیٰ قادری نے کہا کہ کلثوم نوازکی وفات پر زعیم قادری کو نوازشریف لحد کے پاس لے گئے اور کہا کہ آپ اپنی والدہ کو لحد میں اتاریں۔

واضح رہے ن لیگی رہنماء زعیم حسین قادری نے الیکشن 2018ء کی انتخابی مہم کے دوران ٹکٹوں کی تقسیم پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے جون 2018 میں ایک پریس کانفرنس کے دوران حمزہ شہباز کے بارے میں انتہائی سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔ تاہم انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی دعوت بھی دی گئی تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگی ہیں اور ہمیشہ مسلم لیگی ہی رہیں گے۔ زعیم حسین قادری نے عام انتخابات میں این اے 133 سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا لیکن ناکام رہے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).