سارہ علی خان۔ بالی ووڈ کی نئی چھوٹی نواب زادی


معصوم سی دلکش مسکراہٹ سے دل موہ لینے والی اداکارہ سارہ علی خان کی دسمبر میں یکے بعد دیگرے دو بالی وڈ فلمیں ریلیز ہوئی ہیں۔

فلم ’کیدر ناتھ‘ سارہ علی خان کی بالی ووڈ میں پہلی فلم ہے جس میں ان کے ہیرو سوشانت سنگھ راجپوت بنے۔ 23 سالہ سارہ علی خان نے اپنی پہلی فلم ہی میں خود کو ایک منجھی ہوئی اداکارہ ثابت کردیا اور ان کارکردگی کو بہت سراہا جارہا ہے۔

شاید اداکاری کا فن سارہ علی خان کی گھٹی میں پڑی ہے۔ پٹودی خاندان کے دسویں نواب اور بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امرتاسنگھ کی بڑی بیٹی سارہ کی رگوں میں گویا خون کے ساتھ اداکاری دوڑتی ہے۔

ان کی دادی شرمیلا ٹیگور ماضی کی مشہور اداکارہ ہیں، خاندان میں اتنے بڑے نام موجود ہونے کے باوجود سارہ کا خیال ہے کہ یہ ان کے لیے ایک بوجھ ہیں۔ وہ بالی ووڈ میں اپنی پہچان خود بنانا چاہتی ہیں، اسی وجہ انہوں نے اس سلسلے میں اپنے والدین نے ان کی کوئی مدد نہیں لی۔

سارہ علی خان کی فلم ’کیدرناتھ‘ کی پہلی جھلک نے میڈیا پر دھوم مچادی تھی اور ان کی والدہ امرتا سنگھ سے ان کی مشابہت حیرت انگیز ہے۔ سارہ کا خیال ہے کہ ان کا دماغ والد کا جبکہ دل ماں کا ہے۔

سارہ کو بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا اور ایک انٹرویو میں سارہ نے بتایا کہ ان کے والدین نے جب ان کا ایک اسکول میں داخلہ کرانا چاہا تو پرنسپل نے کہا کہ بچی سے بات کرائیں، بجائے انٹرویو دینے کہ سارہ نے انہیں گانا دما دم مست قلندر سنایا۔ جس پر ان کے والدین بھی حیران رہ گئے تھے

لائق و فائق سارہ علی خان کو صرف اداکاری کا ہی شوق نہیں بلکہ وہ انتہائی ہونہار طالبہ بھی رہ چکی ہیں اور انہوں نے امریکا کی یونیورسٹی آف کولمبیا سے سیاسیات اور تاریخ میں ڈگری لی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سارہ جب یونیورسٹی میں تھیں تو ان کا وزن 96 کلوگرام تھا مگر جب اداکاری کا جنون سر چڑھ کر بولنے لگا تو انہوں اپنا وزن کم کرنے کی ٹھانی۔ گزشتہ دسمبر میں ریلیز ہونے والی سپر اسٹار رنویر سنگھ کے ساتھ سارہ علی خان کی دوسری فلم ’سمبا‘ سپر ہٹ ثابت ہوئی اور اب تک 200 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔

سارہ کے لیے بھارتی شہر حیدر آباد بہت خوش قسمت ثابت ہوا ہے کیونکہ اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ حیدر آباد میں پہلی ملاقات ہوئی تو اس وقت وہ ان سے ایک تقریب میں آٹوگراف لینے گئی تھیں اور دوسری بار رنویر سے ملاقات ان کی ’سمبا‘ کی شوٹنگ پر ہوئی تو وہ ان کی ہیروئن بن گئیں۔ رنویر نے پہلی ہی ملاقات میں سارہ کے سپراسٹار بننے کی پیشن گوئی کردی تھی

پُر اعتماد شخصیت کی حامل، شوخ وچنچل سارہ خوش مزاج اور خوش خوراک بھی ہیں۔ ادکارہ کرینہ کپور جو سارہ کی سوتیلی ماں ہیں ان سے بھی سارہ کے اچھے تعلقات ہیں بلکہ وہ ان کی مداح بھی ہیں۔ انہیں اب تک اس بات پر یقین نہیں آیا کہ کرینہ ان کے والد کی دوسری بیگم ہیں۔

من موہنی سی سارہ علی خان بالی وڈ کے لیے ایک خوشگوار ہوا کا جھونکا ہیں۔ ان کی آنے والی فلموں کامداحوں کو شدت سے انتظارہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).