ہیلی کاپٹر کیس ختم کرنا چاہئے، نیب وزیر اعظم پاکستان کی توہین کر رہا ہے: فواد چودھری


وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر کیس ختم ہونا چاہئے۔ نیب اس کیس کے ذریعے وزیر اعظم پاکستان کی توہین کر رہا ہے۔ گائے کھلنے پر ایک وزیر نے استعفیٰ دے دیا اور کیا کریں؟

نجی ٹیلی ویژن چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ نیب نے ہیلی کاپٹر کیس میں وزیر اعظم اور پاکستان کی توہین کی ہے۔ نیب کو وزیر اعظم کے خلاف کیس ختم کرنا چاہئے۔ نیب کی جانب سے یہ کیس برقرار رکھنا وزیر اعظم اور پاکستان کی توہین ہے۔ اس کیس میں عمران خان پر باقاعدہ الزام نہیں لگایا گیا۔ نیب کو وزیر اعظم کے خلاف یہ کیس ختم کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم پر بنائے گئے کیس پر دنیا ہنس رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب مین فواد چوہدری نے کہا کہ نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے خلاف مقدمے میں توہین کا سوال اس لئے پیدا نہیں ہوتا کہ اپوزیشن لیڈر پر درست مقدمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گائے کھلنے پر ایک وزیر نے استعفیٰ دیدیا اور کیا کریں؟ اعظم سواتی کیس کو نوازشریف اور ماڈل ٹاﺅن کیسز کے ساتھ ملانا زیادتی ہے۔ ماڈل ٹاﺅن میں ظلم کرنے والوں کو جیل میں ہونا چاہئے۔ علیمہ خان کا کاٹن بر آمد کرنے کا کاروبار ہے اور وہ یہ بیس سال سے کررہی ہیں۔ علیمہ خان نے جن پیسوں سے وہ اپارٹمنٹ خریدا تھا، اس کی بینکنگ ٹرانزکشنز پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر ہم نے الزام نہیں لگایا تھا، جرمنی کے اخبار نے پانامہ کا الزام لگایا تھا ، بی بی سی اور گارڈین نے اس پر رپورٹنگ کی تھی ، ہم نے تو تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا تھا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہماری جدوجہد نہ ہو اور ہم اداروں کے پیچھے کھڑے نہ ہوں تو یہ جتنا بڑا مافیا ہے، اسے جیل پہنچانا آسان کام نہیں تھا۔ تحریک انصاف کی تحریک سے اداروں کو تقویت ملی۔ ہل میٹل، العزیزیہ اور فلیگ شپ کیسز سب کے سامنے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ این آراو کی ایک تاریخ ہے۔ اس حوالے سے ن لیگ کے بڑے بات چیت کررہے ہیں، ہر بات ٹی وی پر بتانے والی نہیں ہوتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).