امریکہ میں تعلیم کے میدان میں ہندو برادری سب سے آگے


ہندو خواتین

امریکہ میں چار سالہ کالج کی ڈگری کو اقتصادی ترقی کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے ایسے میں آپ کے خیال میں کس مذہب کے پیروکار سب سے آگے ہو سکتے ہیں؟

امریکہ میں حال ہی میں مذہب کی بنیاد پر شائع ہونے والے اعداد و شمار سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کی مختلف تعداد سامنے آئی ہے جس میں حیران کن انداز میں بعض مذاہب کی پیروی کرنے والے دوسرے مذاہب سے بہت آگے ہیں۔

تحقیق کرنے والی معروف کمپنی پیو ریسرچ کے مطابق کالج کی ڈگری حاصل کرنے والی مذہبی برادری میں سب سے آگے ہندو ہیں، جن میں 77 فیصد لوگ کالج کرتے ہیں۔

ان کے بعد یونیٹیرین یونیورسلسٹ آتے ہیں، جن کا فیصد 67 ہے۔ اس نظریے کے حامی لبرل ہوتے ہیں اور سچائی کے لیے آزاد اور ذمہ دارانہ تلاش و جستجو میں یقین رکھتے ہیں۔

ان دو مذہبی برادریوں کے بعد، یہودی آتے ہیں جن میں کالج کی ڈگری کے حصول کا فیصد 59 ہے جبکہ اینگلیکن چرچ کا فیصد بھی ان کے برابر ہے۔ ایپسکوپل چرچ کے لوگوں میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کا فیصد 56 ہے۔

یہ بھی پڑھیے

تیلگو امریکہ میں سب سے تیزی سے پھلنے پھولنے والی زبان ہے؟

ٹرمپ کا استقبال بالی وڈ نغموں سے

یہ نتائج سنہ 2014 کے مذہبی لینڈ سکیپ کے مطالعے کے ہیں جس میں تعلیمی صلاحیت کے اعتبار سے امریکہ کی 30 مذہبی برادریوں پر تحقیق کی گئی ہے۔ اس میں امریکہ کی 35 ہزار کالج کے گریجویٹ کو شامل کیا گيا ہے۔

مسلمان اس 30 مذاہب کی فہرست میں 11 ویں نمبر پر آئے ہیں۔

اس تحقیق سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ امریکہ میں جب تعلیم اور اقتصادی ترقی کے معاملے میں ہندو اور یہودی آگے ہیں تو اس لیے امریکہ میں خاندانی آمدنی میں کے معاملے میں بھی یہی دو برادریاں آگے ہیں۔

سنہ 2014 کے ایک مطالعے میں یہ بات سامنے آئی کہ امریکہ میں 44 فیصد یہودی اور 36 فیصد ہندو خاندان ایسے ہیں جن کی سالانہ آمدن کم از کم ایک لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔

امریکہ میں گریجویٹ کرنے والوں کا اوسط 27 فیصد ہے اور کئی دوسرے مذاہب بھی اس قومی اوسط سے آگے ہیں۔ ان میں بودھ مذہب کے پیروکار اور پریسبائیٹیرین چرچ (امریکہ) 47-47 فیصد ہیں۔ آرتھوڈاکس مسیحی 40 فیصد ہیں جبکہ مسلمان 39 فیصد ہیں۔

امریکہ میں سب سے زیادہ تعداد کیتھولک مسیحی کی ہے جو کہ ہر پانچ میں سے ایک ہیں اور ان میں قومی اوسط کے تقریبا برابر 26 فیصد گریجویٹ ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp