سنہ 2019 میں آنے والی پاکستانی فلمیں


2018 پاکستانی فلمی صنعت کے لیے بہت اچھا ثابت نہیں ہوا اور 17 میں سے صرف 3 فلمیں ایسی تھیں جنہوں نے کچھ قابلِ ذکر سرمایہ کمایا۔ زیرِ نظر مضمون میں بالترتیب ہم سال 2019 کا جائزہ لیتے ہیں کہ یہ سال پاکستانی سینیما کے لیے کیا کیا لا رہاہے؟ جنوری میں ریلیز ہورہی ہے ’گُم‘ ۔ یہ فلم ایک اشتہاری مجرم اور مجبور باپ کی کہانی ہے جو بدقسمتی سے حالات کے بھنور میں پھنس جاتا ہے۔ اس فلم کو کنزہ ضیاء اور عمار لاثانی نے مل کر ڈائریکٹ کیا ہے یہ دونوں نیویارک فلم اکیڈمی سے تعلیم یافتہ ہیں اور اس فلم میں سمیع خان، شامین خان اور شمعون عباسی کام کررہے ہیں۔

اس فلم کو اب تک 8 بڑے عالمی فلم فیسٹیولز میں دکھایا جاچکا ہے اور اطلاعات ہیں کہ اسے وہاں بہت پزیرائی ملی تھی۔ ممکنہ طور پر مارچ میں پاکستانی کی خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے کے موضوع جس میں بھارتی اداکارہ آدیتی سنگ ایک آئٹم نمبر کررہی ہیں۔ اس میں اپنے کیریئر کا آغاز کررہی ہیں نئی اداکارہ مدیحہ زیدی۔ اس مرتبہ عید کچھ زیادہ میٹھی ہونے والی ہے، کیونکہ عید پر آرہی ہے اب تک کی سب سے بڑی پاکستانی پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ ، یہ وہ فلم ہے جس کا سب کو برسوں سے انتظار ہے۔

اس فلم میں طویل انتظار کے بعد ماہرہ خان اور فواد خان ایک ساتھ کام کررہے ہیں، جبکہ اس فلم میں حمزہ علی عباسی اور حمیمہ ملک بھی ہیں۔ یہ فلم 30 کروڑ روپے کی کثیر رقم سے بنائی گئی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ فلم 1979 میں بننے والی مولا جٹ کا سیکیوئل یا ری میک ہرگز نہیں ہے۔ اس فلم کے نام کی وجہ معاملہ عدالت میں بھی جا پہنچا اور عدالت نے بال آخر ہدایت کار بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت کے حق فیصلہ دیتے ہوئے انہیں پابند کیا کہ وہ اس فلم کا نام صرف مولا جٹ نہیں رکھ سکتے اور انہیں کسی نا کسی قسم کا لاحقہ یا سابقہ لگانا ہوگا اسی لیے اس کا نام رکھا گیا ہے The Legend of Maula Jatt

اس مرتبہ عیدالفطر پر آپ کے لیے ایک اور پاکستانی فلم بھی ریلیز کی جارہی ہے اور اس کا نام ہے رانگ نمبر 2۔ یہ فلم 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم رانگ نمبر کا سیکیوئل ہے۔ اس فلم میں انٹرنیٹ کی مقبول ترین شخصیت نیلم منیرکام کررہی ہیں جن کی گاڑی میں ناچتے ہوئے ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا تھا اور ان کے ساتھ ہیں معروف ٹی وی اداکار سمیع خان۔ اس فلم کے ہدایات کار ہیں یاسر نواز۔ آپ کو یاد ہوگا کہ رانگ نمبر ون میں دانش تیمور نے ڈبل رول کیا تھا اور ان کے ساتھ سہائے علی ابڑو اور جنیتا اسماء تھیں۔ خبر یہ ہے کہ اس فلم کے لیے پہلے دانش تیمورسے رابطہ کیا گیا تھا مگر انہوں نے کچھ زیادہ ہی پیسے مانگ لیے تھے جس کے بعد سمیع خان کو کاسٹ کیا گیا۔

میٹھی عید اور بڑی عید کے درمیان کا عرصہ بھی خالی نہیں جائے گا۔ اس بیچ آرہی ہے ایک اور فلم ’باجی‘ ۔ اس فلم میں نامعلوم افراد کے مشہور اداکار محسن عباس حیدر اور آمنہ الیاس کے ساتھ نظر آئیں گے ہماری مشہور فلم اسٹار میرا جی۔ یہ کہانی ایک ایسی ہیروئین کی ہے جس کا کیریئر ختم ہورہا ہے اور یہ کردار ادا کررہی ہیں میرا جی! اس فلم کے ہدایات کار ثاقب ملک ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ابھی اس فلم کی حتمی تاریخ طے ہونا باقی ہے۔

اس سال عیدالاضحٰی پر تیفا ان ٹربل کی مایاعلی ایک اور نئی فلم لے کر آرہی ہیں جس کا نام ہے ’پرے ہٹ لوّ‘ ۔ اس فلم میں ان کے ساتھ ہیں شہریارمنوّر جبکہ ایک سرپرائز بھی اور وہ ہیں ماہرہ خان جنہوں نے اس میں گرما گرم سا ڈانس نمبر کیا ہے۔ البتہ جب ماہرہ سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ”یہ ہے تو بہت اچھا مگر بہت ڈھکا چھپا ہے“ اس بڑی عید ہی پر پاکستان کا سب سے ’بڑے‘ اداکار و ہدایتکار جناب محترم شان شاہد جنہیں اب اس فلمی دنیا میں تقریباً 30 سال ہونے والے ہیں ؛ ان کی بنائی ہوئی ایک اور فلم ’ضرار‘ بھی پیش کی جائے گے۔

شان شاہد کی یہ فلم ملک کے دفاع کے موضوع پربنائی گئی ہے اور اس میں شان کے ساتھ کرن ملک کام کررہی ہیں جو ’پنکی میم ساب‘ میں میم ساب بنی تھیں۔ ’ضرار‘ کرن ملک کی پہلی فلم ہے مگر یہ بعد میں ریلیز ہورہی ہے۔ اس فلم کہانی بھی شان نے خود ہی لکھی ہے اور ہدایات بھی خود شان ہی نے دی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ شان کی فلم ’ارتھ دی ڈیسٹینیشن‘ کی بے مثال ناکامی کے بعد کیا ضرار سے شان کی قسمت کا ستارہ دوبارہ چمکے گا یا نہیں کیونکہ آپ کو تو معلوم ہی ہوگا کہ ’وار‘ کے بعد سے ہمارے ’سپراسٹار‘ کی کوئی ایک فلم بھی کامیابی تو دور کی بات گزارے لائق بزنس بھی نہیں کرسکی۔

اورسال کے آخر میں ایک اور بڑی فلم ’سوری‘ آرہی ہے۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس فلم سے ہمارے اسٹار فیصل قریشی کی فلمی دنیا میں تقریباً 20 سال بعد واپسی ہورہی ہے۔ اس فلم کو فیصل قریشی خود پروڈیوس کررہے ہیں جبکہ اس فلم کی ہدایات دے رہے ہیں سہیل جاوید جن کی یہ پہلی فلم ہے۔ اور اس فلم کے دیگر اداکاروں میں شامل ہیں آمنہ شیخ، سونیاحسین اور زاہد احمد۔ یہ ایک لوّ اسٹوری ہے اور فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ یہ فلم ان کے دل کے بہت قریب ہے۔

ایک اور فلم جس کی ریلیز کی تاریخ ابھی نہیں بتائی گئی ہے ’لال کبوتر‘ جس میں ’چلے تھے ساتھ‘ کی ہیروئین منشا پاشا کام کررہی ہیں۔ یہ فلم کراچی کی سڑکوں ہوانے والے جرائم کے بارے میں ہے جس میں منشا پاشا کے ساتھ احمد علی اکبر، سلیم معراج اور علی کاظمی کام کررہے ہیں۔ اس فلم کی ہدایات دی ہیں کمال خان نے اور ابھی اس کی ریلیز کی تاریخ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

اس سال کے آخر میں ہی ممکنہ طور پر خلیل الرحمان قمر کے قلم سے لکھی ہوئی 1947 کی محبت کی ایک ادھوری داستان ’کاف کنگنا‘ جو 2018 میں مکمل ہونے جارہی ہے۔ اس فلم کو خلیل صاحب نے خود ہی ڈائریکٹ کیا ہے اور خود ہی پروڈیوس بھی کیا ہے۔ اس فلم میں ہمیں بڑے پردے پر پہلی بار نظر آئیں گی ایشل فیاض جو ایک بہت ہی معروف ماڈل اور ٹی وی کی اداکارہ ہیں۔ ان کے ساتھ ہوں گے ایک بار پھر یعنی اس سال تیسری بار سمیع خان، عائشہ عمر اور آبی خان جو خلیل الرحمان قمر کے صاحبزادے ہیں۔ تو جناب یہ تھوڑی تھوڑی فیملی پروڈکشن ہے۔ تو جی یہ تھا ہمارا اس سال آنے والی فلموں کا جائزہ۔ امید ہے آپ بھی ہماری بہت بے چینی سے ان میں سے کچھ فلموں کا انتظار ضرور کررہے ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).