موبائل فون پر چائلڈ پورن کی آڑ میں تاوان وصولی کا دھندا


جیسے جیسے معاشرہ جدید علوم و فنون کی قید میں جکڑا جا رہا ہے ویسے ہی معاشرتی بگاڑ سیلاب کی طرح اخلاقی اور سماجی اقدار کو بہا لئے جارہا ہے۔ دور جدید کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے ناواقف والدین کو بچوں کو برقیاتی منفی اثرات سے محفوظ رکھنے میں شدید ناکامی کا سامنا ہے۔ جرائم کی دنیا کے کھلاڑی بھی اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی جہتیں استعمال کررہے ہیں۔ اسی ضمن میں سے سائبر کرائم کی ایک جدید شکل موبائل پر چائلڈ پورن کے نام پر تاوان کی وصولی ہے جسے رینسم ویئر بھی کہا جاتا ہے۔

طریقہ واردات کچھ یوں ہے کہ اچانک آپ کے بیٹے یا بیٹی کا موبائل اسکرین لاک ہوجائے گا اور اسکرین پرعالمی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے ایک نوٹس چسپاں ہوگا کہ آپ کا موبائل ہماری مسلسل نگرانی کی زد میں تھا اور آپ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ آپ کے موبائل پر چائلڈ پورنوگرافی دیکھی جاتی رہی ہیں جس کی روک تھام کے لئے عالمی سطح پر سخت قوانین موجود ہیں۔

اس کے ساتھ ہی چند اسکرین شاٹس اور فحش تصاویر بھی بطور ثبوت دی جاتی ہیں اور ساتھ میں آپ کے موبائل میں محفوظ آپ کے متعلقات کے فون نمبرز اور ای میل ایڈریس بھی درج ہوتے ہیں۔ انتباہی نوٹس میں خبردار کیا جاتا ہے کہ ابتدائی طور پر آپ کو وارننگ دی جاتی ہے اور جرمانہ عائد کیا جاتا ہے کہ آپ اندرون تین دن پانچ سو ڈالر ادا کریں بصورت دیگر نہ صرف یہ جرمانہ تین گنا کردیا جائے گا بلکہ قانونی و تادیبی کارروائی کے تحت آپ کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور آپ کی ان غیر اخلاقی و غیر قانونی سرگرمیوں سے آپ کے متعلقین کو بھی آگاہ کردیا جائے گا۔

یہ سائبر جرائم کی وہ جدید صورت ہے جس میں ایف بی آئی کے نام پر تاوان کی وصولی کی جاتی ہے اور پاکستان میں موبائل استعمال کرنے والا صارف جدید ٹیکنالوجی سے ناواقفیت کی وجہ اور بدنامی کے خوف سے وہ تاوان ادا کرنے پر مجبور ہوتا ہے۔ یہ دراصل ٹورجان ہارس نامی قسم وائرس کی ایک شکل ہے جسے رینسم ویئر یا ایف بی آئی اسکیم وائرس کہا جاتا ہے اور ہیکرز اور سائبر جرائم میں ملوث افراد اسے کامیابی سے استعمال کررہے ہیں۔ تحقیقاتی ادارے اس قسم کی کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ اس قسم کے سائبر حملوں سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے حوالے سے ہم پہلے بھی تفصیلی مضمون شائع کرچکے ہیں جن سے والدین اور صارفین مستفید ہوسکتے ہیں۔

سائبر کرائم سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر

https://www۔ humsub۔ com۔ pk/ 200453 /syed۔ amir۔ hussain/

اپنے موبائل کو ان لاک کرنے کا طریقہ اس وڈیو میں دیا گیا ہے جس سے آپ با آسانی اپنے موبائل سے اس وائرس کا خاتمہ کرکے اسکرین ان لاک کرسکتے ہیں۔

موبائل فون سے ایف بی آئی رینسم وائرس کیسے ریموو کریں

https://youtu۔ be/X 1 IQHtTvX۔ A

اسی بارے میں بچوں کے اخلاق اقدار اور ماں باپ کی تربیتی ذمہ داریوں کے لئے قابل قدر خدمات کی انجام دہی میں مصروف معروف پروفیسر سلیم مغل کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنی یلغار کا بہترین حل بچوں کی اخلاقی تربیت، شعور کی بیداری اور آگہی ہے جس میں بچوں کو ان کی حدود سے آگاہ کیا جائے، اس سے کسی حد تک بچوں کو ان خرافات سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).