وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر شاہد مسعود کو ہتھکڑی نہ لگانے کا حکم دے دیا


وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹرشاہد مسعود کو ہتھکڑی نہ لگائی جائے۔تفصیلات کے مطابق شاہد مسعود کا نام ماضی میں بھی کئی متنازعہ امور میں سامنے آتا رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل قصور میں زیادتی کے بعد ہلاک کی جانے والی بچی زینب کیس کے ملزم عمران کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے پروگرام میں انکشاف کیا تھاکہ عمران کے درجنوں فارن کرنسی اکاؤنٹ ہیں اور اس کا تعلق بین الاقوامی پورن انڈسٹری کے ساتھ ہے۔

اس معاملے پر سپریم کورٹ نے انہیں عدالت طلب کیا تاہم تحقیقات کے بعد یہ بات غلط ثابت ہونے پر ان کے پروگرام پر تین ماہ کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ نومبر میں پی ٹی وی کرپشن کیس میں ٹی وی اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت عدالت نے مسترد کر دی جس پر انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔ سابق ایم ڈی پی ٹی وی شاہد مسعود پرپاکستان ٹیلی ویژن میں 3 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔

انہیں عدالت میں پیش کئیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں ان کو سخت حراست میں ہتھکڑیاں پہنا کر پیش کیا جارہا ہے۔ انہیں اس حال میں پیش کرنے پر سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا اور ان کے ناقدین نے بھی اس بات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انصار عباسی نے بھی اس بات کو ناپسند کیا جبکہ متعدد صحافیوں کی جانب سے اس بات کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے حکم دیا ہے کہ ڈاکر شاہد مسعود کو ہتھکڑی نہ لگائی جائے۔ اس ضمن میں صحافی ہارون رشید نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شدید احتجاج کے بعد آخر کار عمران خاں نے ڈاکٹر شاہد مسعود کو ہتھکڑیاں نہ لگانے کا حکم دے دیا۔ پہلے بھی دے سکتے تھے۔ خیر، دیر آید درست آید۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).