شوبز ڈائری: ایکون پاکستان آئیں گے اور مودی بالی وڈ سے کیا چاہتے ہیں


ایکون

ایکون اپریل کے مہینے میں کراچی اور لاہور میں دو کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے ہیں

امریکی گلوکار، موسیقار اور نغمہ نگار ایکون کا گانا ’چھمک چھلو‘ کسے یاد نہیں۔ شاہ رخ خان کی فلم ’را ون‘ کا یہ گانا بہت مقبول ہوا تھا۔

اب ایکون اپنے مداحوں کا دل جیتنے کے لیے ایک بار پھر برصغیر کا رخ کر رہے ہیں لیکن اس مرتبہ ان کی منزل انڈیا نہیں پاکستان ہے۔

گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکار اپریل کے مہینے میں کراچی اور لاہور میں دو کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے ہیں اور پاکستان میں ان کے مداح ابھی سے پرجوش ہیں۔

ایکون کا یہ دورہ ورلڈ سوکر سٹارز مقابلوں کے تناظر میں ہو رہا ہے جن میں کھیلنے کے لیے کئی عالمی فٹبالر بھی پاکستان کا رخ کرنے والے ہیں۔

https://www.instagram.com/p/BsdDW4sjWjH/?utm_source=ig_web_copy_link

بالی وڈ سے مودی جی کیا چاہتے ہیں؟

اس ہفتے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بالی وڈ کی نو جوان نسل سے ملاقات کی۔ ان سے ملنے والوں میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، وکی کوشل، سدھارتھ ملہوترہ کے علاوہ فلمساز روہت شیٹی، ایکتا کپور اور بالی وڈ کی دیگر نوجوان شخصیات شامل تھیں۔

دراصل اس ملاقات کا اہتمام فلمساز کرن جوہر نے کیا تھا جو حال ہی میں دیگر اداکاروں اور فلمسازوں کے ساتھ انڈسٹری کے کچھ مسائل کے حوالے سے وزیراعظم سے ملے تھے۔ اب چونکہ پچھلے وفد میں ایک بھی خاتون شامل نہیں کی گئی تھی اور اس بات پر کافی ہنگامہ ہوا تھا تو اس بار تین خواتین کو بھی شامل کر لیا گی جن میں عالیہ بھٹ اور ایکتا کپور کے ساتھ بھومی پدنیکر بھی تھیں۔

بہرحال کہا یہ گیا ہے کہ وزیراعظم نوجوانوں میں مقبول ان شخصیات کے ساتھ قوم کی تعمیر کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا چاہتے تھے۔ اب نریندر مودی دراصل کیا چاہتے ہیں یہ بات کھلنے میں ذرا وقت لگے گا کیونکہ انڈیا میں آج کل مذہبی منافرت پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور اس ماحول میں بھی بالی وڈ میں ‘انوپم کھیر کے علاوہ’ مجموعی طور پر مذہبی ہم آہنگی ہمیشہ کی طرح برقرار ہے۔

حالانکہ یہ انڈسٹری منافرت پسند لوگوں کے نشانے پر ہے اور سیاسی جماعتوں نے اسے اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی ہے جس کی تازہ مثال الیکشن کے موقع پر انوپم کھیر کی فلم ‘ایکسڈینٹل پرائم منسٹر‘ اور فلم ‘اڑی’ ہے۔

الیکشن سے پہلے پہلے بھارتی وزیر اعظم کا کردار بالی وڈ کی کئی فلموں میں بھی نظر آنے والا ہے۔ ایسے میں الیکشن سے پہلے پہلے بالی وڈ کو جی ایس ٹی میں چھوٹ دے کر پتہ نہیں مودی جی بدلے میں کیا لینا چاہتے ہیں۔ خدا خیر کرے۔

منا بھائی، دبنگ کے مداحوں کے لیے خوشخبری

منا بھائی ایم بی بی ایس اور دبنگ خان کے مداحوں کے لیے خوش خبری ہے۔ ان دونوں فلموں کی اگلی کڑی بنانے کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ منا بھائی اور سرکٹ یعنی سنجے دت اور ارشد وارثی کی جوڑی پھر سے پڑے پردے پر آنے والی ہے اور فلم کی شوٹنگ جلد ہی شروع ہو جائے گی۔

سوناکشی سنہا بھی اس وقت ساتویں آسمان پر ہیں کیونکہ ان کی فلم کلنک کی شوٹنگ ابھی ختم ہی ہونے والی تھی کہ دبنگ تھری کا کام شروع ہو گیا اور سوناکشی بھی اس فلم کا حصہ ہوں گی۔

سوناکشی کا کہنا ہے کہ نئے سال کی اس سے بہتر شروعات نہیں ہو سکتی۔ انھوں نے کرن جوہر کی فلم کلنک کی شوٹنگ مکمل ہی کی تھی کہ اکشے کمار کے ساتھ فلم ’مشن منگل‘ پر کام شروع ہو گیا اور اب دبنگ تھری۔

فلمساز ارباز خان کا کہنا ہے کہ وہ دبنگ تھری اس سال کے اواخر تک ریلیز کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ دبنگ تھری کے ہدایت کار پربھو دیوا ہوں گے جن کی فلم وانٹڈ نے سلمان خان کے کریئر کو ایک نیا موڑ دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp