عورتوں کے متعلق ‘نازیبا’ باتیں کرنے پر دو انڈین کھلاڑی معطل


ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہل

ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہل کو نہ صرف ٹیم سے معطل کیا گیا ہے بلکہ آسٹریلیا سے انڈیا جانے کے لیے کہہ دیا گیا ہے

انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے انڈین ٹیم میں شامل کرکٹ کھلاڑی ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہل کو ایک ٹی وی شو میں خواتین کے بارے میں بیان دینے پر ٹیم سے معطل کر دیا ہے۔

ان پر فوری طور سے پابندی عائد کر دی گئی ہے اور انھیں آسٹریلیا کے دورے سے انڈیا واپس جانے کے لیے کہہ دیا گيا ہے جبکہ ساتھ میں انھیں شو کاز نوٹس بھی دیا گیا ہے۔

پانڈیا نے اپنے جواب میں معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ وہ ‘شو کی رو میں بہہ گئے تھے۔’

بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ ان کے خلاف تحقیقات ہوں گی اور ڈسپلن توڑنے اور خلاف وضع برتاؤ کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

اب لوگ کھل کر بات نہیں کرتے: کرن جوہر

وراٹ کوہلی کی ’آسٹریلین کھلاڑیوں سے دوستی ختم‘

انڈین کرکٹ بورڈ پر 80 لاکھ ڈالر جرمانہ

پانڈیا نے آخر کہا کیا؟

25 سالہ ہاردک پانڈیا اور 26 سالہ کے ایل راہل بالی وڈ کے فلم ساز کرن جوہر کے سیلبریٹی ٹاک شو ‘کافی ود کرن’ میں شرکت کر رہے تھے جس کے دوران انھوں نے متنازع بیانات دیے۔

یہ شو اپنے چھٹے سیزن میں نشر کیا جا رہا ہے جبکہ پہلی بار کسی کرکٹر کو شو پر صوفے کی زینت بنتے دیکھا گیا ہے۔

پانڈیا نے شو کے دوران کئی خواتین کو ‘پھانسنے’ کی بات کہی اور کہا کہ وہ بار یا نائٹ کلب میں خواتین کو غور سے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

انھوں نے شو پر فخریہ انداز میں کہا کہ ان رشتوں کے بارے میں وہ والدین سے بھی کھل کر بات کرتے ہیں۔

البتہ راہل نے ابھی اس بابت کچھ نہیں کہا ہے، تاہم وہ اپنے بیان میں قدرے محتاط تھے۔

سماجی رابطے کی سائٹ پر پانڈیا نے لکھا: ‘میں تمام متعلقین سے معافی مانگتا ہوں جنھیں میں نے کسی طرح سے بھی دکھ پہنچایا ہے۔

‘جو سچ پوچھیں تو میں شو کے مزاج کی رو بہک گیا تھا۔ میں کسی بھی طرح کسی کے جذبات کو مجروح نہیں کرنا چاہتا تھا۔ سب کی عزت۔’

انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے بھی ان کے بیان کو ‘نازیبا’ قرار دیا ہے۔

آسٹریلیا میں جاری دورے میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انڈیا ان دونوں کھلاڑیوں کے بغیر کھیلا اور شکست سے دوچار ہوا۔

اس شکست کے بعد بی سی سی آئی نے ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ 19 سالہ شبھم گِل کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ وہ پہلی بار انڈیا کی سینیئر ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ ان کے علاوہ وجے شنکر کو بھی آسٹریلیا بلایا گیا ہے۔ وجے شنکر اس سے قبل انڈین ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp