روم کے تریوی فوارے میں پھینکی گئے سکوں کا مالک کون؟


Trevi fountain in Rome

تریوی فوارے 300 سال پرانے ہیں اور ہر سال لاکھوں سیاح یہاں آتے ہیں۔

اگر آپ روم گئے ہوں تو یقیناً تریوی فوارے میں سکہ اچھالنے بھی گئے ہوں گے کیونکہ کون ہے جو اس شہر میں بار بار نہیں آنا چاہتا لیکن اب اس فوارے میں جمع ہونے والے ان سکوں کی ملکیت کے معاملے پر شہر کے میئر اور کیتھولک چرچ آمنے سامنے آ گئے ہیں۔

اٹلی کے شہر روم میں واقع اس مقبول سیاحتی مقام سے ہر سال تقریباً ڈیڑھ ملین یورو مالیت کے سکے نکالے جاتے ہیں جو عموماً غریبوں کی مدد کرنے والی ایک مسیحی فلاحی تنظیم کو عطیہ کر دیے جاتے ہیں۔

مگر اب شہر کی میئر ورجینیا راگی چاہتی ہیں کہ یہ رقم شہر کے بگڑتے انتظامی ڈھانچے پر خرچ کی جائے۔

ادھر مسیحی فلاحی تنظیم کریتاس کا کہنا ہے کہ آمدن کی یہ کمی غربا کے لیے شدید نقصان دہ ہو گی۔ کریتاس کے ڈائریکٹر فادر امبرس نے ایک مقامی اخبار سے بات کرتے ہویے کہا کہ امید کرتا ہوں یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے۔

اسی اخبار نے اپنے سنیچر کے ایڈیشن میں شہر کی انتظامیہ پر شدید ناقدانہ مضمون شائع کیا جس کا عنوان تھا ’غریب ترین لوگوں سے لیے گئے پیسے۔‘

شہر کی انتظامیہ نے اس تبدیلی کی منظوری دے دی ہے اور اسے اپریل سے لاگو ہونا ہے تاہم سوشل میڈیا پر بہت سے اطالوی صارفین نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔

میئر راگی نے 2016 میں روم کا کنٹرول سنبھالا اور ان کا تعلق اسٹیبلشمنٹ مخالف فائیو سٹار پارٹی سے ہے جس نے گذشتہ سال حکومتی اتحاد بنایا ہے۔

Protesters in Rome October 2018

AFP/Getty
Protesters say Mayor Virginia Raggi has not done enough to fix the city’s problems

شہری انتظامیہ پر بہت زیادہ قرضوں کے معاملے کو حل نہ کرنے کی وجہ سے ان کی مقبولیت پر منفی اثر پڑا۔

اکتوبر میں ہزاروں مظاہرین نے ان کے خلاف مظاہرے کیے جس کی توجہ کا مرکز ان کے دفتر کا شہر کے گٹروں اور شہر کی صفائی کوتاہی تھی۔

تریوی فوارے 300 سال پرانے ہیں اور ہر سال لاکھوں سیاح یہاں آتے ہیں۔ اس میں سکے پھینکنے کی روایت فرینک سناترا کی 1954 کی فلم فلم تھری کوائنز ان دی فاؤنٹین کے بعد سے پڑی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp