ساہیوال واقعے پر صدمے میں ہوں، جے آئی ٹی رپورٹ پر جلد کارروائی ہوگی: وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں اور پریشان ہوں، بچوں کی آنکھوں کے سامنے ان کے والدین کو گولیاں ماری گئیں۔

ساہیوال واقعے میں زندہ بچ جانے والے تین معصوم بچوں سے متعلق وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ”سہمے ہوئے بچوں، جن کے والدین کو ان کی آنکھوں کے سامنے گولیوں سے بھون ڈالا گیا کو دیکھ کر ابھی تک صدمے میں ہوں۔ اپنے بچوں کے بارے میں ایسی صدمہ انگیز صورتحال کے تصور ہی سے کوئی بھی والدین پریشان ہوجائیں گے۔ ریاست اب ان بچوں کا ذمہ لے گی اور ان کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ “

وزیراعظم نے کہا کہ ”اگرچہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ دہشت گردی کے خلاف نمایاں خدمات سرانجام دے چکا ہے تاہم قانون کی نگاہ میں سب برابر ہیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ آتے ہی اس کی روشنی میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ اپنے تمام شہریوں کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔ “

 گزشتہ روز کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کے اہلکاروں کی فائرنگ سے کار میں سوار خاتون، بچی اور دو افراد ہلاک ہوگئے تھے اور واقعے میں بچے بھی زخمی ہوئے۔

سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا کہ اس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد ذیشان ہلاک ہوگیا، جب کہ اس کے ساتھ کار میں سوار خاندان کے افراد بھی گولیوں کا نشانہ بنے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).