پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ شروع


کرکٹ

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ سنچورین میں شروع ہو گیا ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب سے کچھ دیر پہلے تک پاکستان کا سکور 9 تھا اور ٹیم کا ایک کھلاڑی آؤٹ تھا۔

اس وقت کریز پر امام الحق اور بابر اعظم موجود ہیں۔ کچھ ہی دیر پہلے فخر زمان دو رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ڈیل سٹین اور بیوران ہینڈرکس نے جنوبی افریقہ کی جانب سے بولنگ کا آغاز کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم میں امام الحق، محمد حفیظ، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، حسین طلعت، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم میں فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں کوئنٹن ڈی کوک، ہاشم آملہ، ریزا ہینڈرک، ریسی وین دیر ڈیسن، ڈیوڈ ملر، اینڈلے فلکوایو، کگیسو رابادا، ڈیل سٹین، تبریز شمسی اور بیرون ہینڈرکس پر مشتمل ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے پہلے ڈربن میں ہونے والے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 204 رن کا ہدف بیالیسویں اوور میں حاصل کیا تھا۔ جب کہ جنوبی افریقی بلے بازوں ڈرڈوسن نے 80 اور پیلوکوائیو 69 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

ایک موقع پر جنوبی کی 80 رنز کے مجموعی سکور پر پانچ وکٹیں کر چکی تھیں لیکن دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے تین اور لیگ سپنر شاداب نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے 203 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جس میں بلے باز حسن علی نے نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 45 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر میچ کو دلچسپ بنایا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 5 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

سرفراز احمد کی ‘نسل پرستانہ’ فقرے پر معافی

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقی کھلاڑی اینڈیل پہلوک وایو کے بارے میں بظاہر نسل پرستانہ الفاظ استعمال کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔ مگر آئی سی سی کا اس حوالے سے فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔

https://twitter.com/SarfarazA_54/status/1088745084206661638

سرفراز احمد بدھ کے روز جوہانسبرگ میں آئی سی سی کے میچ ریفری رنجن مدوگالے کے سامنے پیش ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ان سے نادانستگی میں یہ جملہ ادا ہوگیا لیکن نسلی تعصب کا تاثر درست نہیں ہے۔ رنجن مدوگالے نے ان کا موقف سننے کے بعد ضابطے کی کارروائی کے بعد رپورٹ آئی سی سی کو بھیجی تھی۔ بعد ازاں سرفراز احمد نے ٹوئٹر پر اپنی اس حرکت پر معافی بھی مانگی۔

سرفراز احمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‘میں ہر اس شخص سے معافی کا طلبگار ہوں جسے تکلیف پہنچی ہے۔ میرے الفاظ براہ راست کسی کے لیے نہیں تھے اور میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ کسی کو میں تکلیف پہنچاؤں۔ میں ماضی کی طرح مستقبل میں بھی میدان میں اور میدان سے باہر ساتھی کرکٹرز کے ساتھ بھائی چارے کو قائم رکھوں گا۔’

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی بدھ کی شب جاری کردہ بیان میں سرفراز احمد کی حرکت پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ اور توقع ظاہر کی کہ اس واقعے کی وجہ سے یہ سیریز متاثر نہیں ہوگی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp