پی ایس ایل فور میں کون کون سے کھلاڑی ٹیمیں بدل رہے ہیں؟


مصباح الحق

اس بار مصباح الحق پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے ہیں

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں کھلاڑیوں کی اکثریت وہی ہے جو پچھلے ٹورنامنٹس میں نظر آتی رہی البتہ کچھ کھلاڑی اس بار بدلتی ٹیموں کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔

مصباح الحق

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے پی ایس ایل کے پچھلے تینوں ٹورنامنٹس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کی تھی اور ان تین میں سے دو میں اسلام آباد یونائیٹڈ فاتح رہی تھی تاہم اس بار مصباح الحق پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پی ایس ایل کے بارے میں مزید پڑھیے

پاکستان سپر لیگ میں کون سی ٹیم کتنی مضبوط؟

پاکستان سپر لیگ، کس ٹیم میں کتنا دم؟

پاکستان سپر لیگ سے نئے ٹیلنٹ کو کتنا فائدہ؟

شاہد آفریدی

شاہد آفریدی کو اس بار ملتان سلطانز نے منتخب کیا ہے

شاہد آفریدی

شاہد آفریدی کو اس بار ملتان سلطانز نے منتخب کیا ہے۔ شاہد آفریدی کی پی ایس ایل میں یہ تیسری ٹیم ہے۔ پی ایس ایل کے ابتدائی دونوں ایڈیشنز میں انھوں نے پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی۔

گذشتہ سال وہ کراچی کنگز کا حصہ بنے تھے لیکن ٹی 10 لیگ کے معاملے پر اختلاف رائے کے بعد دونوں کے راستے ایک سیزن کے بعد ہی جدا ہوگئے تھے۔

محمد حفیظ

محمد حفیظ تین سیزن پشاور زلمی کی طرف سے کھیلنے کے بعد اب لاہور قلندرز کی ٹیم میں نہ صرف شامل ہوئے ہیں بلکہ انھیں قیادت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔

محمد حفیظ پچھلے تین سیزن میں چار نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ بولنگ میں وہ سات وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

آندرے رسل

آندرے رسل کو ملتان سلطانز نے متبادل کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ میں حاصل کیا ہے

آندرے رسل

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر گذشتہ سال ان فٹ ہونے کے سبب صرف چار میچوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرسکے تھے۔ شارجہ میں لاہور قلندرز کے خلاف سپر اوور میں ان کے ایک چھکے اور ایک چوکے نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت کو یقینی بنا دیا تھا۔

اس بار ڈرافٹنگ میں آندرے رسل کو اسلام آباد نے نہیں لیا لیکن ملتان سلطانز نے سٹیو سمتھ کے ان فٹ ہونے کے بعد رسل کو متبادل کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ میں حاصل کیا ہے۔

عمر اکمل

عمر اکمل پہلی پاکستان سپر لیگ میں 335 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹسمین ثابت ہوئے تھے لیکن پچھلے دو پی ایس ایل سیزنز میں وہ خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

گذشتہ سال کپتان برینڈن مک کلم نے انھیں ایک باصلاحیت لیکن مسائل سے دوچار پیچیدہ کرکٹر قرار دیا تھا جس کے بعد یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ لاہور قلندرز انھیں اپنے سکواڈ میں برقرار نہیں رکھے گی۔

عمراکمل اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

کارلوس بریتھ ویٹ

کارلوس بریتھ ویٹ لاہور قلندرز کے سکواڈ میں شامل ہیں۔ گذشتہ سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انھیں حاصل کیا تھا لیکن آخری لمحات میں ورلڈ کپ کوالیفائرکے لیے ویسٹ انڈین ٹیم میں شمولیت کی وجہ سے انھوں نے پی ایس ایل سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔

کیرون پولارڈ

کیرون پولارڈ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز سے ہوتے ہوئے اب پشاور زلمی میں شامل ہوئے ہیں

کیرون پولارڈ

ویسٹ انڈین کرکٹر کراچی کنگز اور ملتان سلطانز سے ہوتے ہوئے اب پشاور زلمی میں شامل ہوئے ہیں۔

پولارڈ جارحانہ بیٹنگ کے لیے شہرت رکھتے ہیں لیکن پچھلے دو سیزنز میں وہ صرف ایک نصف سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔

ڈوائن سمتھ

ویسٹ انڈین کرکٹر گذشتہ سال پشاور زلمی میں شامل تھے اور نو اننگز میں انھوں نے ایک نصف سنچری سکور کی تھی۔ اس بار کوئٹہ نے انہیں ڈوئن براوو کے کور کے طور پر لیا ہے جو 27 فروری کو ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔

ڈوئن براوو کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 471 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp