حلف برداری کی تقریب میں خاتون سیاست دان کے لباس پر ہنگامہ: ریپ کی دھمکیاں


برازیل میں ایک خاتون سیاستدان الیکشن جیتنے کے بعد ایسا لباس پہن کر حلف اٹھانے آ گئی کہ ملک بھر میں ہنگامہ برپا ہو گیا اور لوگ اسے جنسی زیادتی کی دھمکیاں دینے لگے۔ میل آن لائن کے مطابق 43 سالہ اینا پاﺅلا ڈا سیلوا ’سٹیٹ ریپریزینٹیٹو‘  (State Representative) کا الیکشن جیتنے کے بعد جب برازیل کے شہر سانتا کیترینا میں اپنی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئیں تو انہوں نے سرخ رنگ کا چست جمپ سوٹ پہن رکھا تھا جس میں ان کے جسم کے بعض حصے برہنہ ہو رہے تھے۔

جب یہ تصویر اینا پاﺅلا کے انسٹاگرام پر پوسٹ ہوئی تو صارفین کی طرف سے ان پر شدید تنقید شروع ہو گئی۔ اکثر کمنٹس دھمکی آمیز اور انتہائی نازیبا تھے جنہیں اینا پاﺅلا کا سٹاف ڈیلیٹ کرتا رہا۔ کئی لوگ تو اس قدر برانگیختہ ہوئے کہ اینا پاﺅلا کو جنسی زیادتی کی دھمکی دے ڈالی۔ ان لوگوں کا کہنا تھا کہ جو خاتون عوامی نمائندہ ہو کر ایسا لباس پہنتی ہے اس کو ریپ کا نشانہ بنا ڈالنا چاہیے۔

اینا پاﺅلا نے برازیلین ٹی وی نیٹ ورک این ایس سی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی تصویر پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ”میرا خیال تھا کہ لوگ میرے سرخ لباس پر گفتگو کریں گے لیکن انہیں پورے لباس کو چھوڑ کر میرے جسم کے وہ حصے ہی نظر آئے جو لباس سے عیاں ہو رہے تھے۔ ہر خاتون کے جسم میں یہ حصے ہوتے ہیں اور میں ہمیشہ سے ایسا ہی لباس پہنتی آئی ہوں۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ اب میں الیکشن جیت گئی ہوں تو کسی اور قسم کی خاتون بن جاﺅں۔ میں جو کچھ تھی وہی اب بھی رہوں گی۔ میں کس طرح کا لباس پہنتی ہوں یہ میرا مسئلہ ہے۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).