فرانس: کتا زیادہ بھونکا تو مالک کو جرمانہ ہو گا


کتوں کے بھونکنے پر پابندی

کتوں کے غیر ضروری بھونکنے کی صورت میں مالک کو 68 یوروز جرمانہ دینا ہو گا

شمالی فرانس کے ایک قصبے میں میئر نے کتوں کے غیر ضروری طور پر بھونکنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اب فیکوریس نامی قصبے میں کتوں کے غیر ضروری اور بار بار بھونکنے کی صورت میں مالک کو 68 یورو جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

میئر جین پائری ایسٹنی کا کہنا ہے کہ دن رات کتوں کے بھونکنے سے علاقے میں ایک ناقابل برداشت صورتحال پیدا ہو رہی ہے اور یہ اقدام صوتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

تاہم جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم افراد کی جانب سے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

ایک فرانسیسی اخبار سے بات کرتے ہوئے جین پائری ایسٹنی نے کہا کہ ان کا مقصد علاقے میں کتوں پر پابندی لگانا یا ذرا سے شور پر لوگوں کو جرمانہ کرنا نہیں ہے۔

’یہ قصبہ کتوں کے خلاف نہیں ہے لیکن جب آپ انھیں پالنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ان کی تربیت بھی کریں۔‘

یہ بھی پڑھیے:

‘کتا پالنے سے دل کی بیماریوں اور موت کا خطرہ کم’

انسانوں اور کتوں کی دوستی کتنی پرانی؟

کتے کی تیمار داری کے لیے چھٹی مل گئی

اس ماہ کے شروع میں مقامی کونسل کی منظوری سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق مالک کے کسی قریبی دکان میں جانے کی صورت میں کتوں کو بند جگہوں میں چھوڑ کر جانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔

حتیٰ کہ ییپی کتوں کو بھی اندر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اگر ان کا رویہ فیکوریس میں مقیم 1400 رہائشیوں میں سے کسی کے آرام میں خلل کا باعث بنتا ہے۔

ہر شکایت کی صورت میں کتے کے مالک کو جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

کتوں کے بھونکنے پر پابندی

اکثر مالکان اور پڑوسیوں کی جانب سے کتوں کے اونچا بھونکنے کی شکایت کی جاتی ہے

یہ حکم نامہ ایک رہائشی عورت کے خلاف گاؤں والوں کی شکایت کے بعد آیا ہے۔

ایسٹنی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس بہت سے کتے ہیں اور کچھ بہت بڑے ہیں۔ ہم نے اس کے ساتھ بات چیت کرنے کی بہت کوشش کی ہے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر میں نے یہ فیصلہ کیا ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمیں کوئی اور راستہ نہیں ملا اور میں فارغ نہیں بیٹھ سکتا۔

ایسوسی ایشن فاردی ڈیفینس آف اینیمل رائٹس کے صدر سٹیفن لامارٹ نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’مکمل بکواس` قرار دیا ہے۔

لامارٹ نے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ اتوار کی صبح چرچ میں بجنے والی گھنٹیوں پر بھی پابندی عائد کر دیں۔

’اگر کتوں کے منہ ہیں، تو وہ اس لیے ہیں کہ وہ بھونک سکیں`۔

لامارٹ کا کہنا ہے کہ وہ مقامی عدالت میں اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ انھوں نے کبھی کسی کتے کو صبح سے شام تک بھونکتے نہیں دیکھا۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ جب فرانسیسی حکام کی جانب سے اس قسم کی پابندی سامنے آئی ہے۔

2012 میں جنوب مغربی فرانس کے علاقے سینٹ فو لا گرانڈ میں بھی کتوں کے بھونکنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

کیا کتوں کو بھونکنے سے روک سکتے ہیں؟

بھونکنا کتوں کے لیے بات چیت کا ایک عام طریقہ ہے۔ کتے بہت سی وجوہات کی بنا پر بھونکتے ہیں جن میں توجہ حاصل کرنا، خطرے کے بارے میں آگاہ کرنا اور بے چینی ظاہر کرنا شامل ہیں۔

تاہم اکثر مالکان اور پڑوسیوں کے جانب سے کتوں کے بہت زیادہ اونچا بھونکنے کی شکایت کی جاتی ہے۔

شور کی نوعیت مختلف ہوتی ہے تاہم کبھی کبھی یہ آواز فیکٹری میں چلنے والی مشین سے زیادہ اونچی ہوتی ہیں۔

آسٹریلیا کا گولڈن ریٹریور نسل کا چارلی نامی کتا سب سے اونچا بھونکنے کا عالمی ریکارڈ رکھتا ہے۔

چیریٹی ڈاگ ٹرسٹ میں کتوں کے روئیوں پر کام کرنے والی جینا کیڈی نے اینٹی بارک کالر اور کتوں کی تربیت کے دیگر طریقے استعمال کرنے سے متعلق خبردار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ضروری ہے کہ اس رویے کو تحقیق کے ذریعے حل کیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32553 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp