انگلینڈ کا دورہ ویسٹ انڈیز: آئی سی سی نے شینن گیبرئیل پر فرد جرم عائد کر دی


شینن گیبریل

ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن امپائرز نے گیبریل کو ان کے کہے ہوئے الفاظ پر خبردار کیا تھا

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر شینن گیبرئیل پر فرد جرم عائد کر دیا ہے۔

تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن امپائرز نے گیبرئیل کو ان کے کہے ہوئے الفاظ پر خبردار کیا تھا۔

سکائی سپورٹس کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روٹ، گیبرئیل کو جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘اس کو تضحیق کے لیے مت استعمال کرو، ہم جنس پرست ہونے میں کوئی غلط بات نہیں۔’

یہ بھی پڑھیے

سرفراز احمد نے ’نسل پرستانہ‘ فقرے پر معافی مانگ لی

سرفراز احمد پر چار میچوں کی پابندی عائد

’کھلاڑیوں کے کوڈ آف کنڈکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا‘

تیس سالہ گیبرئیل پر آئی سی سی کے ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر فرد جرم عائد کیا گیا ہے۔

ان پر آرٹیکل 2.13 کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے جس میں کھلاڑیوں کو، کھلاڑیوں کی مدد کرنے والے افراد کو، امپائر یا میچ ریفری کو بین الاقوامی میچ کے دوران گالی دینے کے متعلق بات کی گئی ہے۔

گیبرئیل نےکہا کیا تھا یہ ویڈیو میں نہیں سنا جا سکتا اور جو روٹ نے بھی پیر کو کھیل کے بعد اس کی وضاحت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

منگل کو انگلینڈ کی 232 رنز سے فتح کے بعد انھوں نے اس واقعے کے بارے میں یہ کہا کہ ‘میں نے بس وہ کیا جو مجھے ٹھیک لگا۔’

انھوں نے کہا کہ ‘آئی سی سی کو حالات قابو میں کرنا ہوں گے میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ اس متعلق کوئی بات کروں لیکن پوری سیریز میں دونوں ٹیموں کے تعلقات ٹھیک رہے ہیں۔‘

‘وہ اچھے لڑکے ہیں یہ بہت شرمندگی کی بات ہوگی اگر اس کی وجہ سے ان پر داغ لگ جائے۔’

‘ایک کھلاڑی ہونے کی وجہ سے آپ پر کچھ ذمہ داریاں ہوتی ہیں جو آپ نے میدان میں پوری کرنی ہوتی ہیں اور میں نے جو کیا میں اس پر قائم ہوں۔‘

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘میچ امپائر نے جو جرم عائد کیا ہے اس سے میچ ریفری جیف کرو نمٹیں گے۔’

‘جب تک کارروائی اپنے حتمی انجام تک نہیں پہنچتی آئی سی سی اس سے متعلق مزید اور کچھ نہیں کہے گا۔’

انگلینڈ نے کہا ہے کہ وہ اس الزام پر کچھ نہیں کہیں گے اور انتظار کریں گے ‘جب تک آئی سی سی اپنی کارروائی مکمل نہیں کرتا۔’

گیبرئیل اور روٹ کے درمیان الفاظ کا تبادلہ پیر کوں اس وقت ہوا جب انگلینڈ کے کپتان نے سینچری بنا کر اپنی ٹیم کو جیتنے کی پوزیشن پر پہنچا دیا۔

مہمان ٹیم نے چار دن میں جیت حاصل کی لیکن شروع کے دو ٹیسٹ میں شکست کی وجہ سے وہ سیریز ہار گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32542 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp