پی ایس ایل: کون ہوا صفر پر آؤٹ،کس نے لگائے چھکے


پشاور زلمی

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل میں اہم کردار ادا کیا ہے

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز آج سے متحد عرب امارات میں ہو رہا ہے۔ اس سیزن میں چھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں اسلام آباد یونائٹیڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،کراچی کنگز، ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائٹیڈ اب تک پی ایس ایل کے دو فائنل کھیل چکی ہے اور دونوں میں ہی فاتح رہی، پشاور زلمی دو فائنل کھیل کر ایک بار فاتح ٹھہری تاہم قسمت کی دیوی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے روٹھی رہی اور وہ دو بار فائنل کھیلنے کے باوجود فتح سے دور رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 4: کس ٹیم کے امکانات کتنے روشن؟

’والد کی خواہش تھی کہ شاہین شاہد آفریدی کی وکٹ لیں‘

پی ایس ایل: ’دل کہتا تھا اے بی ڈی ویلیئرز‘

کیا پاکستان سپر لیگ کی چمک دمک برقرار ہے؟

پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی بدلتی ٹیمیں

ذیل میں پاکستان سپر لیگ کے دلچسپ اعداد و شمار پیش کیے جا رہے ہیں:

200 رنز کا ہدف پورا کرنے کا ریکارڈ

پاکستان سپر لیگ میں 200 رنز کا ہدف پورا کرنے کا ریکارڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یہ کارنامہ دو بار سر انجام دیا اور دونوں ہی بار اس کی حریف ٹیم لاہور قلندرز ہی تھی۔

16 فروری سنہ 2016 کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 202 رنز کا مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنا کر حاصل کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دوسری بار یہ کارنامہ 18 فروری، سنہ 2017 کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں سرانجام دیا۔ اس میچ میں بھی لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے 19ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنا کر پورا کیا۔

سب سے کم مجموعی سکور

پی ایس ایل کے کسی ایک میچ کی ایک اننگز میں مجموعی طور پر سب سے کم رنز بنانے کا ریکارڈ لاہور قلندرز کا ہے۔

12 فروری سنہ 2017 کو دبئی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی کے بالروں کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم 11 اوورز میں صرف 59 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

اس میچ میں لاہور قلندرز کے نو بلے بازوں کا سکور دہرے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ صرف فخر زمان 33 اور محمد رضوان 11 رنز بنا پائے۔

پشاور زلمی کے لیے یہ ہدف تر نوالہ ثابت نہ ہوا اور اس نے 60 رنز کے ہدف تک پہنچتے پہنچتے اپنی سات وکٹیں گنوا دیں۔ اس میچ میں یاسر شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے اپنے کوٹے کے چار اوورز میں صرف سات رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اگرچہ وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے تاہم انھیں اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایک رنز کے فرق سے جیت

28 فروری، سنہ 2017 کو شارجہ میں کھیلے جانے والے پہلے کوالیفائنگ فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک رنز سے ہرایا۔ اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا سکی۔

کامران اکمل

کامران اکمل ابھی تک پی ایس ایل کے کامیاب ترین بیٹسمین ثابت ہوئے ہیں

سب سے زیادہ انفرادی رنز

پشاور زلمی کے کامران اکمل نے پی ایس ایل کے تینوں سیزن میں سب سے رنز بنائے ہیں۔ انھوں نے 34 میچوں میں دو سنچریوں اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے 929 رنز بنائے ہیں۔

بابر اعظم 24 میچوں میں چھ نصف سنچریوں کے ساتھ 708 رنز بناکر دوسرے جبکہ احمد شہزاد 30 میچوں میں پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 705 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

سب سے زیادہ چھکے

پشاور زلمی کے کامران اکمل پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ انھوں نے پی ایس ایل کے 34 میچوں میں 49 چھکے اور 85 چوکے لگائے ہیں۔

شاہد آفریدی

ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکا لگانے کا اعزاز رکھنے والے جارحانہ کھلاڑی شاہد آفریدی پی ایس ایل میں دوسرے نمبر پر ہیں

کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے شاہد آفریدی 29 میچوں میں 27 چھکے اور 14 چوکے لگا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

لاہور قلندرز کے عمر اکمل 20 میچوں میں 26 چھکے اور 48 چوکے لگا کر تیسرے، پشاور زلمی کے ہی محمد حفیظ 33 میچوں میں 25 چھکے اور 68 چوکوں کے ساتھ چوتھے، لاہور قلندرز کے فخر زمان 18 میچوں میں 22 چھکے اور 42 چوکے لگا کر پانچویں نمبر پر رہے۔

سب سے زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہونے والے بیٹسمین

اس فہرست میں کامران اکمل کا نام سب سے اوپر ہے۔ وہ اب تک پانچ بار بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ ہوئے ہیں۔

بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب مقصود تین، تین بار جبکہ احمد شہزاد، شعیب ملک، عمر اکمل، فخر زمان اور شاہد آفریدی دو، دو بار بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ ہوئے۔

سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز

پشاور زلمی کے وہاب ریاض اب تک پی ایس ایل کے سب سے کامیاب بولر رہے ہیں۔ انھوں نے 32 میچوں میں 48 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس فہرست میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے محمد سمیع 27 میچوں میں 37 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز 31 میچوں میں 30 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، کراچی کنگز کے سہیل خان 21 میچوں میں 28 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور پشاور زلمی کے حسن علی 23 میچوں میں 26 وکٹیں حاصل کر کے پانچویں نمبر پر ہیں۔

ایک سیزن میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ

پاکستان سپر لیگ کے کسی ایک سیزن میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے تین باؤلرز کے پاس ہے۔

اس فہرست میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے فہیم اشرف پہلے، پشاور زلمی کے وہاب ریاض دوسرے جبکہ کراچی کنگز کے عثمان شنواری تیسرے نمبر پر ہیں۔

اگرچہ فہیم اشرف اور وہاب ریاض نے پی ایس ایل کے تیسرے سیزن میں 18، 18 وکٹیں حاصل کیں تاہم فہیم اشرف نے 12، وہاب ریاض نے 13 جبکہ عثمان شنواری نے 10 میچوں میں 16 وکٹیں لے کر یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

پی ایس ایل میں ٹیموں کی مجموعی کارکردگی

پاکستان سپر لیگ کے اب تک کھیلے جانے والے تینوں سیزنز میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے 32 میچوں میں 19 جیتے، 12 ہارے، کراچی کنگز نے 31 میچوں میں 12 جیتے، 17 ہارے، لاہور قلندرز نے 26 میچوں میں سات جیتے، 17 ہارے، ملتان سلطانز نے 10 میچوں میں چار جیتے، پانچ ہارے، پشاور زلمی نے 34 میچوں میں 19 جیتے، 14 ہارے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 31 میچ کھیل کر 17 میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسے 13 میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp