پلوامہ حملہ: پاکستان سپر لیگ کی انڈین نشریاتی کمپنی ایونٹ سے علیحدہ


پاکستان سپر لیگ کی انڈین نشریاتی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس نے لیگ کے بقیہ میچ نشر نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے۔

آئی ایم جی ریلائنس نے یہ فیصلہ پلوامہ میں پیش آنے والے اس واقعے کے تناظر میں کیا ہے جس میں متعدد انڈین فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

آئی ایم جی ریلائنس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھیجی گئی ای میل میں کہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ سے خود کو فوری طور پر الگ کر رہی ہے۔

پی ایس ایل کے بارے میں مزید پڑھیے

کراچی کنگز پر لاہور قلندرز کی فتح کے بعد کیا ہوا؟

پی ایس ایل: لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست

لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دے دی

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست

خیال رہے کہ آئی ایم جی ریلائنس کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے تین سالہ نشریاتی معاہدہ گذشتہ ماہ ہی ہوا تھا۔

آئی ایم جی ریلائنس کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچ نشر نہ کرنے کے فیصلے سے چند ہی گھنٹے پہلے انڈین چینل ڈی سپورٹس نے بھی انڈیا میں پاکستان سپر لیگ کی نشریات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی ایم جی ریلائنس کے اس فیصلے پر سخت مایوسی ظاہر کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا ہے کہ سیاست اور کرکٹ کو الگ رکھنا چاہیے۔

انھوں نے کہا تاریخ گواہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر کرنے میں کھیلوں خاص کر کرکٹ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

وسیم خان نے اس بات پر بھی سخت مایوسی ظاہر کی کہ انڈین شائقین کو پی ایس ایل دیکھنے سے روکنے کے لیے ڈیجیٹل کوریج کو روک دیا گیا ہے جبکہ ممبئی میں کرکٹ کلب آف انڈیا میں وزیراعظم عمران خان کی تصویر بھی ہٹا دی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ یہ معاملہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے ساتھ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں اٹھائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp