مانچسٹر یونائیٹڈ: کیا محمد بن سلمان ’دنیا کا سب سے قیمتی فٹبال کلب‘ خریدنے لگے ہیں؟


محمد بن سلمان

آج کل پاکستانی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں سے زیادہ تر سعودی عرب سے متعلق ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دو روزہ دورہِ پاکستان ہے۔

ولی عہد کا نام دنیا بھر میں بھی ٹریند کر رہا ہے، مگر اس کی وجہ کچھ اور ہے۔

اتوار کے روز ٹوئٹر پر پھیلتی ہوئی خبروں کے مطابق محمد بن سلمان نے نامور برطانوی فٹبال ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

برطانوی اخبار دی سن کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان، جنھیں ایم بی ایس بھی کہا جاتا ہے، 3.8 ارب پاؤنڈز کی قیمت پر اس کلب کو خریدنا چاہ رہے ہیں۔

بیس دفعہ انگلش پرمیر لیگ جیتنے والی یونائیٹڈ کے مالکان امریکی گلیزر خاندان ہیں جنھوں نے 2005 میں 79 کروڑ پاؤنڈز کے عوض اس کلب کو خریدا تھا۔

سوشل میڈیا پر بھی لوگ بڑی تعداد میں اس پر اپنی رائے دے رہے ہیں۔

https://twitter.com/bpcl40/status/1096851404105400321

مانچسٹر یونائیٹڈ کے ایک مداح براین نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’اگر یونائیٹڈ نے ٹیم سعودی شہزادے کو بیچی تو میں مداحوں کا حصہ نہیں بنوں گا۔ میں کھلاڑیوں سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ نہ آئیں کیونکہ وہ ایک ایسی حکومت کی حمایت کریں گے جو کہ اپنی مرضی سے لوگوں کو قتل کرتی ہے۔‘

دوسری جانب ولی عہد کے ایک حامی نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’جو لوگ کہ رہے ہیں کہ ایم بی ایس نے مانچسٹر یونائیٹڈ خرید کر خواتین کی ٹیم بند کر دینی ہے، وہ بیوقوف ہیں۔ ایم بی ایس نے کامیاب اصلاحات کے ذریعے خواتین ڈرائیورز پر پابندی ختم کی ہے۔ تو وہ خواتین کی ٹیم پر پابندی کیوں لگائیں گے؟ ٹویٹ کرنے سے پہلے اپنی تحقیق پوری کریں۔‘

ایم بی ایس سے متعلق یہ افواہیں گذشتہ سال اکتوبر سے گردش کر رہی تھیں، مگر صحافی جمال خاشقجی کے استنبول کے سعودی سفارت خانے میں قتل کے بعد ولی عہد پر ہونے والی تنقید کے بعد یہ خبریں دم توڑ گئیں۔

شاید اسی وجہ سے ٹوئٹر پر ہونے والی بحث میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے شائقین زیادہ خوش نہ نظر آئے۔

ٹیم کے ایک اور مداح ہوان نے ٹویٹ کی کہ ’اگر سعودیوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ خرید لی تو میں کبھی کسی میچ کی دوبارہ ٹکٹ نہیں خریدوں گا۔ کچھ چیزیں فٹبال سے زیادہ ضروری ہوتی ہیں۔‘

دی سن کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ میں ذرائع نے ان افواہوں کو ہمیشہ رد کیا ہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ شاید 3.8 عرب پاؤنڈز کی آفر سے ان کا فیصلہ بدل جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کی مانچسٹر یونائیٹڈ میں دلچسپی اس لیے ہے کیونکہ ان کی مخالف ٹیم مانچسٹر سٹی کے مالک ابوظہبی کے منصور بن زائد ال نہيان کا مقابلہ کر سکیں۔

تاہم سعودی عرب کے وزیر اطلاعات نے پیر کے روز اپنی ٹویٹ میں ان افواہوں کو مسترد کر دیا ہے۔

ترکی الشبانہ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ولی عہد محمد بن سلمان کی مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے کی خبریں بالکل غلط ہیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سے سپانسرشپ پر بات کرنے کے لیے ملاقات ہوئی تھی۔ کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp