محمد حفیظ کی جگہ سلمان بٹ لاہور قلندر میں شامل


سلمان بٹ

سلمان بٹ کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے جانے کے بعد آئی سی سی نے ان پر دس سالہ پابندی عائد کردی تھی جو اب ختم ہو چکی ہے

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی فرنچائز لاہور قلندر نے ان فٹ محمد حفیظ کی جگہ اوپنر سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

محمد حفیظ کراچی کنگز کے خلاف اتوار کو کھیلے گئے میچ میں انگوٹھے میں فریکچر ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں ۔ ان کی جگہ قیادت کی ذمہ داری جنوبی افریقی بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز کو سونپ دی گئی ہے۔

سلمان بٹ تنتیس ٹیسٹ اٹھہتر ون ڈے اور چوبیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان نمائندگی کرچکے ہیں ۔ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے ہیں تاہم 2010ء میں انگلینڈ کے دورے میں وہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس پر نہ صرف آئی سی سی نے ان پر دس سالہ پابندی عائد کردی تھی بلکہ لندن کی عدالت نے بھی انہیں ڈھائی سال قید کی سزا سنائی تھی۔

چونتیس سالہ سلمان بٹ نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے بحالی پروگرام میں بھی شرکت کی اور پھر فرسٹ کلاس کرکٹ کا دوبارہ آغاز بھی کردیا اور واپڈا کی طرف سے کھیلتے ہوئے حبیبب بینک کے خلاف قائداعظم ٹرافی کے فائنل کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں۔

انہوں نے گزشتہ سال قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 70 کی اوسط سے 350 رنز بنائے تاہم سلیکٹرز نے ابھی تک انہیں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں موقع نہیں دیا ہے۔

لاہور قلندر کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ لاہور قلندر کی ٹیم میں شامل کیے جانے کے مستحق تھے وہ اس وقت بہت اچھی فارم میں ہیں۔

انہوں نے محمد حفیظ کے ان فٹ ہونے کو اپنی ٹیم کے لیے بہت بڑا دھچکہ قراردیا اور کہا کوشش کریں گے کہ اے بی ڈی ویلیئرز لیگ کے تمام میچوں میں دستیاب ہوں۔

یاد رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندر سے نو میچوں میں کھیلنے کا معاہدہ کررکھا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp