میک اپ، بیوٹی انڈسٹری میں انفلوئنسرز کا کیا کردار ہے؟


کائیلی جینر

مشہور شخصیت کائیلی جینر نے اپنے برانڈ کائیلی کاسمیٹکس سے لاکھوں ڈالر کمائے ہیں

کئی شعبوں میں فروخت کی کمی کے باوجود خوبصورتی کی صنعت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسا لگ رہا ہے ہم میک اپ اور جلد کی دیکھ بھال سے محبت کرنے والوں کا سیارہ بنتے جا رہے ہیں۔

لیکن بڑے بیوٹی انفلوئنسرز کون ہیں؟ ‘کورئین بیوٹی‘ کیا ہے؟ مائیکرو انفلوئنسرز حقیقتاً کتنا کما لیتے ہیں؟ اور دکانوں سے ہاتھوں ہاتھ بکنے والی اہم مصنوعات کون سی ہیں؟

بی بی سی کی صحافی سمانتھا فینوک یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کائیلی جینر 20 سال کی عمر میں کروڑ پتی کیسے ہو گئیں؟

’ہدیٰ بیوٹی‘ کی مالکن ہدیٰ قطان کون ہیں؟

کم کارڈیشیئن ’خطرناک ترین‘ آن لائن سلیبرٹی

جنوبی کوریا کی بیوٹی مصنوعات کی کامیابی کا راز؟

وی لاگنگ

بیوٹی وی لاگنگ ایک بڑا کاروبار ہوسکتا ہے

1۔ گزشتہ دو سالوں میں خوبصورتی کی صنعت بڑے پیمانے پر بڑھی ہے

سنہ 2018 میں اس مارکیٹ کی مالیت 1350 کروڑ پاؤنڈ تھی، اور پچھلے پانچ برسوں کے دوران اس میں تقریبا 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس تیز رفتار اضافے کی وجہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز ہیں۔

مشہور آن لائن شخصیات سماجی نیٹ ورکس پر اپنے میک اپ ٹیٹوریلز پوسٹ کرتی ہیں۔ انسٹاگرام پر تصاویر، یوٹیوب پر ویڈیوز وغیرہ سے لوگوں کو بتایا جاتا ہے کہ کیسے میک اپ کا استعمال کرکے خاص نظر آیا جا سکتا ہے۔

یہ شخصیات جن مصنوعات کا استعمال کرتی ہیں ان سے اپنی پسندیدگی کا اظہار اور کبھی کبھار ان پر تنقید بھی کرتی ہیں۔

جیفری سٹار

مشہور آن لائن شخصیات یا انفلوئنسرز میک اپ کی فروخت میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں

بیوٹی انفلوئنسرز کون ہیں؟

لاس اینجلس میں مقیم جیفری سٹار ایک مشہور بیوٹی انفلوئنسر ہیں۔

فوربز میگزین کے مطابق جیفری نے 2018 میں یوٹیوب کے زریعے 145 لاکھ پاؤنڈ کمائے۔ اور وہ سوشل میڈیا پرسب سے زیادہ کمانے والے سٹارز میں سے ایک ہیں۔

مائی سپیس پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت بننے کے بعد جیفری نے سنہ 2006 میں یوٹیوب کو جوائن کیا۔

انہوں نے میک اپ ٹیوٹوریلز پوسٹ کرنے شروع کیے اور اپنی ڈرامائی لکس کی بدولت تیزی سے شہرت حاصل کر لی۔

اب ان کی اپنی میک اپ لائن ہے اور فوربز میگزین کے مطابق اس کا تخمینہ سالانہ دس کروڑ ڈالر ہے۔ ٹویٹس کی ایک حالیہ سیریز میں جیفری کا کہنا تھا کہ ایک برانڈ نے انھیں اپنی مصنوعات میں سے کسی ایک کا استعمال کرنے کے لیے 165000 ڈالر کی پیشکش کی ہے۔

کم کارڈیئشین

کم کارڈیئشین ویسٹ جیسی مشہور شخصیات کی توثیق، مصنوعات کی فروخت کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہے

مشہور شخصیات کی پسندیدگی کے ذریعے تشہیر

بی بی سی کے ریڈیو پروگرام ‘آپ اور آپ کے’ کے لیے صارفین تجزیہ کاروں نے ایک تحقیق کی ہے جس کے مطابق، برطانیہ کے 82 فیصد صارفین کا کہنا ہے کہ ہمیشہ یہ واضح نہیں ہوتا کہ کسی چیز کی تشہیر کے لیے ایک انفلوئنسر کو رقم ادا کی گئی ہے۔

1000 سے زائد خریداروں سے کیے گئے سروے کے مطابق بھی بیوٹی پروڈکٹسس کے 18 سے 34 سال کے خریداروں میں سے 54 فیصد کو سوشل میڈیا کی مشہور شخصیات نے متاثر کیا ہے.

ایم ایم ایم میچل

میک اپ آرٹسٹ ایم ایم ایم مچیل کے 800000 فالورز ہیں اور یہ روزانہ بڑھ رہے ہیں

4۔ ایک مائیکرو انفلوئنسر کتنا کما سکتے ہیں؟

لیکن یہ صرف لاکھوں فالورز والے انفلوئنسر ہی نہیں جو سوشل میڈیا سے پیسہ کما رہے ہیں،بلکہ ’مائیکرو انفلوئنسر‘ بھی اچھے خاصے پیسے کما لیتے ہیں.

جیفری کی ایک ویڈیو میں کام کرنے والے برطانوی میک اپ آرٹسٹ ایم ایم ایم میچل نے ایک ہی رات میں انسٹاگرام پر ایک لاکھ فالورز بنائے۔

اب ان کے آٹھ لاکھ فالورز ہیں اور کئی بیوٹی برانڈز ان کو اپنی پوسٹ میں استعمال کرنے کے لیے اپنی مصنوعات بھیجتے ہیں۔

‘ایم ایم ایم میچل کا کہنا ہے کہ’ مجھے کئی کمپنیوں نے ساتھ ملکر کام کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔‘

ایک انفلوئنسر کا کہنا ہے کہ ’آپ کو جتنے زیادہ فالورز ملتے ہیں اتنے ہی زیادہ دروازے کھلتے جاتے ہیں اور اس سے میری حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ اپنے فالورز کے اعتماد کو قائم رکھنے کے لیے مجھے بہت محنت کرنا پڑتی ہے۔’

بابی براؤن

کاسمیٹک گرو بابی براؤن کو ابھی تک اس بات کا یقین ہے کہ ‘کم میک اپ ہی بہتر ہے’ لیکن وہ مانتی ہیں کہ یہ صنعت تبدیل ہو گئی ہے

5۔ انسٹاگرام نے روزمرہ میک اپ کو تبدیل کر دیا ہے

‘سوشل میڈیا میک اپ آرٹسٹ بہت زیادہ میک اپ کے استعمال کو فروغ دیتے ہیں،ایم ایم ایم میچل کے مطابق یہ ایسا ہے جیسے میک اپ کو انسٹاگرام پر تھوپ دیا جائے۔’

لیکن لیجینڈری میک اپ آرٹسٹ بابی براؤن کا کہنا ہے کہ یہ شاید اتنی خوش آئند چیز نہیں ہے۔

بہت زیادہ میک اپ استعمال کر کے کنٹورنگ کرنا اور اچھا لگنا مشکل کام ہے، جب تک آپ نے کوئی خاص ٹریننگ نہ لی ہو یا آپ ہر وقت صحیح روشنی کا استعمال نہ کررہے ہوں۔

بابی براؤن کے مطابق قدرتی روشنی میں سب ظاہر ہو جاتا ہے اور وہ اب بھی کم میک اپ کرنے اور نیچرل انداز کی حمایت کرتی ہیں۔

بلاگر کریسٹین بیبلو

جلد کی حفاظت والی بنیادی مصنوعات میں بھی تبدیلی آ رہی ہے

6۔ جلد کی دیکھ بھال والی مصنوعات ہاتھوں ہاتھ بکتی ہیں

بابی براؤن اس انڈسٹری میں 30 سالہ تجربے اور اپنی آٹھ کتابوں کے ساتھ شاید کچھ جانتی ہیں۔

یہ حقیقت ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران بہت زیادہ میک اپ کرنے کا رجحان بڑھ گیا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی جلد کی دیکھ بھال والی مصنوعات جو آپ کو خوبصورت اور نکھری جلد دینے کا وعدہ کرتی ہیں، کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

جلد کی دیکھ بھال والا برانڈ ‘آرڈنری’ سب سے مقبول بن گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ مہنگے برانڈز کے مقابلے میں بنیادی جلد کی دیکھ بھال والے اجزاء کو کم پیسوں پر فروخت کرتا ہے۔

یہ کمپنی ہرسیکنڈ میں اپنی ایک پروڈکٹ فروخت کر رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ آن لائن ریٹیلر اے ایس او ایس کی طرف سے بھیجے جانے والے ہر دوسرے آرڈر میں اس براینڈ کی مصنوعات میں سے کم از کم ایک چیز ضرور شامل ہوتی ہے۔

کورئین بیوٹی

کورئین بیوٹی چمک دار جلد کے خیال کو فروغ دیتا ہے

7۔ کورئین بیوٹی ایک بڑا رجحان بن گیا ہے

کورئین بیوٹی یا کے بیوٹی صاف اور چمکدار جلد کے خیال کو فروغ دیتا ہے جو مغرب میں خوبصورتی کے صارفین کے لیے ایک بڑا رحجان بن گیا ہے۔

یہ سلسلہ جنوبی کوریا سے شروع ہوا، جہاں لوگ، خاص کر خواتین کو کم عمر سے ہی اپنی جلد کی دیکھ بھال کرنا سکھایا جاتا ہے لہذا جلد اتنی اچھی اور صحت مند لگتی ہے کہ میک اپ استعمال کرنے کی ضرورت ہی نہیں رہتی۔

کے بیوٹی کی بہت سی مصنوعات 12 مرحلوں کے معمول پر مشتمل ہیں جس میں سیرم، ایسڈ اور فیس ماسک شامل ہیں۔

اس صنعت کے تجزیہ کار منٹل کے مطابق سنہ 2017 میں جنوبی کوریا کی خوبصورتی کی صنعت کا تخمینہ 13 ارب ڈالر سے زیادہ تھا اوراس میں مسلسل جدت آرہی ہے۔

آپ نے مقبول “شیٹ ماسک” تو دیکھے ہوں گے جو دنیا بھر کی دکانوں میں موجود ہوتے ہیں؟ خیر یہ کے بیوٹی کی حکمرانی کا ایک بڑا حصہ ہیں۔

کاسمیٹک پراڈکٹ

صارفین کی بڑھتی تعداد اچھا نظرآنے کے ساتھ ماحول کا خیال بھی رکھنا چاہتی ہے

8۔ استحکام خوبصورتی کا ایک اہم موضوع ہے

تو سنہ 2019 میں خوبصورتی کے رحجانات کیا ہیں؟

استحکام اہم موضوعات میں سے ایک ہے۔

کاسمیٹکس اور خوبصورتی کی صنعت بہت زیادہ پلاسٹک پیکیجنگ کی پیداوار کے لیے بدنام ہے، اس کے ساتھ ضائع شدہ گتے کو برانڈز کو فروغ دینے اور خوبصورت ڈبوں اور پارسلز میں پیش کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے

ووگ میگزین کی بیوٹی ایڈیٹر فنمی فیٹو کا کہنا ہے کہ ‘ لوگ دیکھنا چاہتے ہیں کہ برانڈز ماحول کے لیے کیا کر رہے ہیں۔’

فنمی فیٹو کے مطابق کاسمیٹک کمپنیاں ایک طویل عرصے تک اس کام میں پیچھے رہی ہیں ‘انہیں یہ بات یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ وہ صاف اور پائیدار ہیں۔’

چھ خواتین ماڈلز، جلد کے مختلف رنگوں کے ساتھ

اگر جلد کے دو رنگ ایک جیسے نہیں تو ایک ہی فاؤنڈیشن سب کے لیے کیسے ٹھیک ہو سکتا ہے

9۔ مصنوعات ذاتی ہوتی جا رہی ہیں

عام میک اپ کے دن اب جا چکے ہیں۔آج کل آپ کو زیادہ تر ذاتی مصنوعات دیکھنے کو ملیں گی، چاہے وہ پرفیوم ہو، آپکی آنکھ پر لگانے والا پیلٹ یا فاؤنڈیشن۔

بیوٹی پروڈکٹ بنانے والی کمپنیاں ذاتی نوعیت کی فاؤنڈیشن ٹیکنالوجی کو اس لیے فروغ دے رہی ہیں تاکہ یہ تمام رنگ کی جلد والوں کی ضروریات پوری کر سکے۔ یہ مسئلہ ایک طویل عرصے سے چلتا آرہا ہے جسے اب یہ انڈسٹری ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس سال ‘فینٹی بیوٹی’ کے نام سے ایک نیا برانڈ جسے معروف گلوکارہ ریانہ نے شروع کیا ہے، کی خاصی تعریف ہوئی ہے کیوں کہ اس میں وسیع پیمانے پر رنگوں کی روائٹی دستیاب ہے۔

آج کی مارکیٹ میں اگر کوئی کمپنی ایسی رینج شروع کرتی ہے جو تمام رنگوں کی ضروریات کو پورا نہیں کرسکتی تو اس پر بہت تنقید کی جائے گی کہ وہ سب لوگوں کے لیے نہیں بنائی گئی۔

لورئیل جیسی کمپنیوں کا یہ کہنا ہے کہ دکانوں میں موجود شیلفز پر فاؤنڈیشن کے بہت سے مختلف رنگوں کو ذخیرہ کرنا ایک مشکل کام ہے۔ لیکن انہیں امید ہے کہ ذاتی فاؤنڈیشن کی خدمات دے کر وہ اس مسئلے کو حل کر لیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32550 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp