شیشپر گلیشئیر کے سرکنے سے آبادی کو خطرہ، شاہراہ قراقرم کے قریب واقع آبادی کو خالی کروانے کا حکم


گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں ایک گلیشئیر کے سرکنے سے لاحق خطرے کے باعث حکام نے شاہراہ قراقرم کے قریب واقع آبادی کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔

شیشپر نامی یہ گلیشیئر گلگت بلتستان کے ان 36 گلیشیئرز میں سے ایک ہے جو کہ مختلف وجوہات کی بنا پر خطرے کا شکار ہیں۔

گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے الرٹ کے بعد احسن آباد کے رہائشیوں نے انخلا کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شیشپر گلیشیئر تین ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1800 میٹر تک سرک چکا ہے اور مقامی حکام کے مطابق آنے والے دنوں میں انسانی جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے احسن آباد کے رہائشی مسکین گل نے بتایا کہ ’شیشپر کے سرکنے کی وجہ سے پوری آبادی میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔ ہمیں بتایا جا رہا ہے کہ ہمیں یہاں سے جلد منتقل کر دیا جائے گا، مگر ابھی تک ایسے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے۔‘

یہ بھی پڑھیے

’سنہ 2100 تک ہمالیہ،ہندوکش کے 36 فیصد گلیشیئر ختم ہو جائیں گے‘

عطا آباد میں جھیل کیسے بنی

دریائے ہنزہ جھیل: تین دیہات ڈوب گئے

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض احمد فراق نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حکومت نے مقامی آبادی کو کسی بھی خطرے سے بچانے کے لیے محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ احتیاطی طور پر کیا ہے۔

’امدادی ٹیمز اور متعلقہ اداروں کو فوری طورپر علاقے میں پہنچنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں اور منتقلی کا کام آئندہ دونوں میں شروع ہو جائے گا۔‘

گلگت بلتستان کے محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر زبیر احمد صدیقی نے بی بی سی کو بتایا کہ گلوبل وارمنگ اور موحولیاتی تبدیلیوں کے سبب علاقے میں کئی سو گلیشیئرز متاثر ہیں، جن کو خطرے اور انتہائی خطرے کا شکار درجات میں تقسیم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’گلگت بلتستان میں خطرے کا شکار گلیشیئرز کی تعداد سینکڑوں میں ہے جبکہ انتہائی خطرے کا شکار ایسے 36 گلیشیئرز کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو کہ مختلف آبادیوں کے قریب واقع ہیں۔‘

ان کے مطابق ’گلیشیئرز کے متاثر ہونے کی وجوہات میں سرِفہرست تو گلوبل وارمنگ ہے۔ اسی طرح ماحولیاتی تبدیلیاں جیسے گذشتہ برسوں میں برف اور بارشوں کا معمول سے کم یا زیادہ ہونا بھی ان وجوہات میں شامل ہیں جن کے براہ راست اثرات گلیشیئرز پر پڑتے ہیں۔‘

’دوسری بڑی وجہ انسانی طرز زندگی ہے۔ پورے گلگت بلتستان میں ایندھن کے لیے لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ گلگت بلتستان میں لکڑی ایندھن کا بڑا ذریعہ ہے۔ اس کا دھواں کافی آلودگی پھیلاتا ہے جو ہمارے گلیشیئرز کو بہت متاثر کرتی ہے۔ اسی طرح آبادی کا بڑھنے اور گلیشیئرز پر انسانی عمل دخل زیادہ ہونے سے بھی گلیشیئرز متاثر ہو رہے ہیں۔‘

زبیر احمد صدیقی کے مطابق شیشپر گلیشیئر سے لاحق خطرے کی بھی یہی وجوہات ہیں۔ ان کے مطابق یہ بتانا اس وقت ممکن نہیں کہ انتہائی خطرے کا شکار دیگر گلیشیئرز کب کسی آفت کا سبب بن سکتے ہیں، لیکن ان سب کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

شیشپر سے خطرہ کیوں؟

شیشپر گلیشیئر 1300 میٹر تک پھیلا ہوا ہے جبکہ اس کی اونچائی چھ سو فٹ ہے۔

یخ بستہ حسن: پاکستانی گلیشیئروں کے نظارے

’پاکستان میں گلیشیئر بڑھ رہے ہیں، پانی کی کمی کا خدشہ‘

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر جنرل فرید احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ ’شیشپر گلیشئیر کے سرکنے کا عمل مئی 2018 میں شروع ہوا تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’شیشپر کے ساتھ ہی ایک اور گلیشئیر بھی ہے اور ان دونوں کا پانی ایک ہی نالے میں گرتا تھا۔ شیشپر بڑھتا ہوا اس نالے کے قریب آ کر ستمبر میں ایک پہاڑ سے ٹکرا کر رک گیا تھا، جس کی وجہ سے اکتوبر اور نومبر میں اس کا رخ وادی میں آبادی والے علاقوں کی جانب مڑ گیا۔‘

یہی نہیں بلکہ شیشپر نے اس نالے کا راستہ بھی بند کر دیا ہے جس میں دونوں گلیشئیرز کا پانی گرتا تھا اور اس وجہ سے وہاں پر اب ایک ’گلیشئیر جھیل‘ بن چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے سنہ 2010 میں ہنزہ تحصیل کے گاؤں عطا آباد سے گزرنے والے دریائے ہنزہ میں ‘مٹی کا تودہ’ گرنے کے باعث بیس افراد ہلاک اور دریائے ہنزہ میں پانی کا بہاؤ پانچ ماہ تک رک گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک جھیل معرضِ وجود میں آ گئی تھی۔

فرید احمد کے مطابق ’شیشپر مجموعی طور پر 1800 میٹر تک سرک چکا ہے۔ کبھی اس کے سرکنے کی رفتار کم اور کبھی سات میٹر روزانہ کی سطح تک پہنچ جاتی ہے۔ تاہم یہ اوسطاٰ روزانہ تین میٹر تک سرک رہا ہے۔‘

فرید احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ گلیشیئر شاہراہ قراقرم اور احسن آباد (جہاں 170 کے قریب گھرانے آباد ہیں) سے پانچ کلومیٹر دور ہے اور اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

ان کے مطابق اس گلیشئیر سے ’شاید فوری خطرہ تو نہیں، لیکن خطرات ضرور موجود ہیں۔‘

گلیشئر

1981 سے لیکر سنہ 2010 تک گلگت بلتستان اور پاکستان کے ان علاقوں کا درجہ حرارت جہاں پر گلیشئرز واقع ہیں سنہ 1961 سے لیکر سنہ 1990 تک کے مقابلے میں 1.2 اوسط ڈگری تک بڑھ چکا ہے

خطرات اور احتیاطی تدابیر

حکام کا کہنا ہے کہ درمیانے درجے کے سیلاب کی صورت میں شیشپر کے قریب واقع پندرہ سے بیس گھروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بڑے سیلاب کی صورت میں 70 سے 80 گھروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

خیبر پختونخوا کے محکمۂ ماحولیات کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان رشید نے بی بی سی کو بتایا کہ ’گلیشئیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ‘ یا گلیشیئر جھیل پھٹنے سے آنے والا سیلاب اچانک ہی آتا ہے اور یہ اس وقت ہوتا ہے جب گلیشئیر کے اندر کسی بھی وجہ سے جھیل بن جائے۔

’جب یہ جھیل پھٹتی ہے تو اس سے کئی ملین کیوبک فٹ پانی اور ملبہ انتہائی تیزی سے نکلتا ہے اور سیلاب کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔‘

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی گلگت بلتستان کے مطابق گلیشیئر کی حرکت کی وجہ سے ہنزہ میں زیر تعمیر ایک بجلی گھر پر جاری کام بند کروا دیا گیا ہے۔ دو چھوٹے بجلی گھروں جن سے مجموعی طور پر اعشاریہ سات میگا واٹ بجلی حاصل ہوتی ہے، انھیں بھی بند کر دیا گیا ہے۔

سیلاب کے خدشے کے پیش نظر احسن آباد کے لوگوں کی حفاظت کے لیے بجلی گھر کے بعد دریا کے بہاؤ کے ساتھ بند کی تعمیر کا کام بھی فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

ان کے مطابق چند سال قبل اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے تحت کیے گئے ایک سروے سے ہندوکش، ہمالیہ اور قراقرم کے پہاڑی سلسلوں میں تین ہزار سے زائد ’گلیشئیل جھیلوں‘ کی نشاندہی ہوئی، جن میں سے 33 کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا تھا۔

سروے کے مطابق اس صورتحال سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ میں بسنے والے 70 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔ نعمان رشید کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار چند سال پرانے ہیں اور ان میں اضافہ بھی ممکن ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ’سنہ 1981 سے لے کر سنہ 2010 تک گلگت بلتستان اور پاکستان کے ان علاقوں میں جہاں پر گلیشئیرز واقع ہیں، درجۂ حرارت سنہ 1961 سے لے کر سنہ 1990 تک کے مقابلے میں 1.2 اوسط ڈگری تک بڑھ چکا ہے۔ یہ اعداد و شمار ثابت کر رہے ہیں کہ ہمارے گلیشئیرز موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہوچکے ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp