پی ایس ایل: لاہور قلندرز کی ملتان سلطانز کو پہلے بلے بازی کی دعوت


پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدِمقابل ہیں اور لاہور کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمر صدیق اور جیمز وینس نے اننگز کا آغاز کیا ہے۔

جمعے کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے ملتان کی ٹیم میں چار جبکہ لاہور کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’لاہور قلندرز کو کوئی اور نہیں ملا تھا؟‘

’پی ایس ایل بہترین کھلاڑیوں کا بڑا ٹورنامنٹ ہے‘

شارجہ: ملتان سلطانز کو آٹھ وکٹوں سے شکست

لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ انگوٹھے پر چوٹ کی وجہ سے پی ایس ایل سے باہر ہو گئے ہیں اور جہاں ان کی جگہ اے بی ڈی ویلیئرز ٹیم کی قیادت کریں گے وہیں سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا یافتہ بلے باز سلمان بٹ پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔

ان کے علاوہ اس میچ میں لاہور قلندرز نے سندیپ لمیچن اور ڈیوڈ ویز کو بھی کھلایا ہے۔ یہ پی ایس ایل میں سندیپ کا بھی پہلا میچ ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں عمر صدیق، الیاس خان، عرفان خان اور جنید خان یہ میچ کھیل رہے ہیں جبکہ شاہد آفریدی اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں۔

اب تک ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک تین، تین میچ کھیل چکی ہیں اور ان میں سے دو، دو میچوں میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یہ ایک، ایک میچ جیتی ہیں۔

ملتان سلطانز نے ٹورنامنٹ کا آغاز ایک شکست سے کیا تھا وہیں دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پر فتح سے اس کے حوصلے بلند ہو گئے تھے۔ تاہم تیسرے میچ میں انھیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح لاہور قلندرز کو بھی اپنے پہلے ہی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی تاہم دوسرے میچ میں اس نے کراچی کنگز کو ہرایا تھا۔ پشاور زلمی کے ساتھ کھیلے گئے تیسرے میچ میں بھی لاہور قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس وقت دونوں ٹیموں کے دو، دو پوائنٹ ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر ملتان کی ٹیم تیسرے اور لاہور کی آخری نمبر پر ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم: فخر زمان، سلمان بٹ، اے بی ڈی ویلیئرز، سہیل اختر، سلمان آغا، برینڈن ٹیلر، ڈیوڈ وائز، سندیپ لمیچن، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور راحت علی شامل ہیں۔

ملتان سلطانز کی ٹیم: شعیب ملک (کپتان)، جیمز وینس، لوری ایونز، ڈین کرسچیئن، آندرے رسل، عمر صدیق، حماد اعظم، جنید خان، محمد الیاس، عرفان خان اور محمد عرفان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp