’فٹبال کی اخلاقیات مرد عورتوں سے سیکھیں‘: فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو


فٹبال

فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے مرد فٹ بالرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ کھیل کے دوران رویہ اپنی خواتین ہم منصبوں سے سیکھیں۔

سکاٹ لینڈ کے شہر ایبرڈین میں سپورٹس کے حوالے سے قوانین بنانے والوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جیانی انفینٹینو کا کہنا تھا کہ میچیز کے دوران خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر طرح پیش آتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کے میچیز میں وقت کم ضائع ہوتا ہے اور خواتین چوٹ لگنے کا ڈھونگ کم رچاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

دنیا میں فٹبال کی مداحوں سے کیسا برتاؤ ہوتا ہے؟

ایران میں سینکڑوں خواتین کو فٹبال میچ دیکھنے کی اجازت

رونالڈو کی جانب سے ’ریپ‘ کے الزام کی تردید

مردوں کے فٹبال میچز میں اکثر اوقات ضابطہِ اخلاق کی خلاف ورزی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

کھلاڑیوں کی طرف سے ایسا اکثر میچ کے دورانیے کو بڑھانے یا حریف پر فاؤل کا الزام لگانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ لیکن بعض اوقات بدعملی کی کوئی خاص وجہ نہیں ہوتی۔

سنہ 2014 کے فیفا ورلڈ کپ میں اطالوی کھلاڑی جورجیو چلینی کو دانت سے کاٹنے کی وجہ سے یوراگوئے فٹبال ٹیم کے سٹرائکر لوئس سواریز پر چار ماہ کے لیے کسی قسم کی فٹبال سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی گئی۔ اس سے پہلے سواریز پر دانت سے کاٹنے کی وجہ سے 2013 اور 2010 میں بھی پابندی لگ چکی ہے۔

گذشتہ سال کے فیفا ورلڈ کپ میں میکسیکو کے فٹ بالر میگویل لایون کی جانب سے برازیل کے فٹ بالر نیمار ڈی سلوا کے ٹخنے پر کھڑے ہونے پر نیمار نے شدید ردِ عمل دیا۔

اس سلسلے میں میکسیکو کے کوچ ہوان کارلوس اوسوریو نے برازیل کے کھلاڑی نیمار کے بارے میں کہا ’نیمار کی اداکاری فٹبال کے لیے اچھی مثال نہیں ہے۔ فٹبال کے لیے یہ افسوس کی بات ہے کہ ہم نے ایک کھلاڑی کی وجہ سے کافی زیادہ وقت ضائع کیا۔‘

انفینٹینو کا بیان فیفا کے سابق صدر سیپ بلیٹر کے بالکل برعکس ہیں جن کا کہنا تھا کہ اگر خواتین کھلاڑی چست کپڑے پہنیں تو شاید خواتین کے فٹبال کو مقبولیت ملے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp