ٹریور نوح کی پاکستان انڈیا کشیدگی کے بارے میں مذاق پر معذرت


امریکی کامیڈین ٹریور نوحا

ٹریور نوح نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ اس معاملے پر ان کا مذاق اصل تنازعے سے زیادہ ٹرینڈ کر رہا ہے

امریکی کامیڈین ٹریور نوح نے پاکستان اور انڈیا می کشمیر کے مسئلے پر بڑھتی کشیدگی کے بارے میں مذاق کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔

دا ڈیلی شو کی ایک قسط میں ٹریور نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں میں ہونے والی جنگ ’سب سے زیادہ پُرلطف‘ اور ’آج تک کی سب سے لمبی جنگ ہو گی – ایک اور ڈانس نمبر!‘

اس قسط کے نشر ہونے کے بعد ٹوئٹر پر شدید ردِ عمل دیکھنے میں آیا تھا اور صارفین نے نوح کے اس کمنٹ کو اشتعال انگیز اور جارحانہ قرار دیا تھا۔

جب ٹوئٹر پر ایک صارف نے ٹریور پر الزام لگایا کہ وہ بالی وڈ کے دقیانوسی خیال کے ذریعے جنگ کے بارے میں مذاق کر رہے ہیں تو انھوں نے ایک ٹویٹ میں معافی مانگ لی۔

اس کے بعد ایک اور ٹویٹ میں نوح نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ اس معاملے پر ان کا مذاق اصل تنازعے سے زیادہ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

اس سے قبل صارفین نے نوح کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تبصرہ ’نسل پرستانہ‘ اور ’بے رحمانہ‘ ہے۔

نوحا نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان گذشتہ کچھ ہفتوں میں بڑھنے والی کشیدگی کے بارے میں مزاق کیا تھا۔

14 فروری کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں انڈین نیم فوجی دستے پر کیے جانے والے خودکش حملے میں کم از کم 40 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جیشِ محمد نے قبول کی تھی۔

اس پر انڈیا نے 26 فروری کو جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان میں اپنے جنگی طیاروں سے گرائے جانے والے بموں سے جیشِ محمد کے کیمپ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس کارروائی کے اگلے دن پاکستان نے لائن آف کنٹرول کے پار انڈین علاقے میں اہداف کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والا ایک انڈین طیارہ بھی فضائی لڑائی کے دوران مار گرایا گیا تھا۔

پاکستان پلوامہ حملے میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہہ چکا ہے کہ اس سے پاس انڈین فضائی حملے کا جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp