لاڑکانہ کی حالت زار – جمہوریت بہترین انتقام ہے


ناصر فاروق

\"nasirاُس شہر کی جانب بڑھتے ہوئے ذہن کے تخیلاتی پردے پر بہتر تصورات ابھر رہے تھے، مگر شہر کے سے آثار کہیں نظر نہ آتے تھے، کھیت آس پاس سے ڈولتے ہوئے گزر رہے تھے۔ کچی پکی پگ ڈنڈیوں پر ڈگمگاتی وین نہ جانے کس لمحے کھیتوں سے نکل کر بے رنگ سی آبادی میں داخل ہو گئی۔ بے ہنگم راستے، پُر پیچ گلیاں، اور لال اینٹوں کے مکانات کا بے ربط سلسلہ شروع ہوا۔ انتہائی ناقص نقشہ پر آڑی ترچھی لکیروں کی طرح کھنچی ہوئی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سے ہوتی ہوئی وین اڈے پر جا رکی۔ آس پاس کا ماحول گرد آلود غربت میں اٹا ہوا تھا۔ یہاں پہنچ کر میزبان سے فون پر رستے کی مزید رہنمائی حاصل کی، ایک چنگچی والے سے بات ہوئی اور سفر آگے بڑھا۔۔۔ اب گاڑی کی نسبت چنگچی میں شہر کا مشاہدہ آسان اور براہ راست ہو گیا۔ سفر سڑکوں سے نکل کر تنگ گلیوں میں مُڑ گیا۔ گلیاں کیا تھیں، گندگی کے ڈھیروں کے درمیان سے گزرتے تنگ راستے تھے۔ سفر میں روانی ممکن نہ تھی، جگہ جگہ دیگر چنگچیوں، موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں کے لئے گنجائش بنا بنا کر راہ نکالی جا رہی تھی۔ نظر جو پڑی تو انکشاف ہوا کہ نکاسی کا نظام زمانہ قدیم کی بیرونی کُھلی نالیوں سے ہو کر گزرتا ہے، جن کے کنارے معصوم بچوں کا کھیلنا موت کا کھیل لگ رہا تھا۔ یہ احساس شدید تر ہوتا جارہا تھا کہ اس شہر سے کسی ترقیاتی منصوبے کا گزر کبھی ہوا ہی نہیں۔ اب کان کی لوئیں گرم ہوچکی تھیں اور سماعت کے پردوں پر مسلسل ایک جملہ چوٹ کی طرح لگ رہا تھا کہ، ’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘۔

یہ 1970 سے آج تک چار بار اقتدار میں رہنے والی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کا شہر لاڑکانہ تھا۔ اس شہر کی سیاسی پیشرفت نے بھٹو خاندان کو ایوانوں تک پہنچایا اور پیپلزپارٹی نے اس شہر کو کہاں پہنچا دیا! یہ ذوالفقار بھٹو کے والد زمیندار شاہ نواز بھٹو کا شہر تھا۔ یہ پاکستان کے دو وزرائے اعظم ذوالفقار بھٹو اور بینیظیر بھٹو کا شہر تھا۔ یہ سندھ کے سابق وزرائے اعلٰی محمد ایوب کھوڑو اور ممتاز بھٹو کا شہر تھا۔ یہ جئے سندھ قومی محاذ کے چئیرمین بشیر احمد قریشی کا شہر تھا۔ یہ ناول نگار فاطمہ بھٹو کا شہر تھا۔ مگر لگتا یوں تھا جیسے جمہوریت کا بہترین انتقام ہو۔

\"larkana\"افسوسناک سفر میزبان کے گھرانے تک پہنچا تو کُھلا کہ لاڑکانہ کے عام لوگ کتنے معصوم اورمہمان نواز ہیں، زبان اورنسل کے تعصب سے پاک اور دلنواز ہیں۔ گھر کی بنی ہوئی مٹھائی اور انڈوں کے ساتھ گرما گرم پراٹھے اور اردو سے نابلد سندھی ماں کی محبت کا مزہ روح کو خوشی سے سرشار کر گیا۔ چھابی ( روٹیاں رکھنے کی ہاتھ سے بنی ہوئی چنگیری) کا تحفہ آج تک انمول محسوس ہوتا ہے۔ چند گھنٹے کی یہ مہمان نوازی لاڑکانہ کا سارا ُدکھ رفع کر گئی۔ دریائے سندھ کے بہاؤ سے ہوتا ہوا یہ سفر وادی سندھ کی قدیم گزرگاہوں میں داخل ہو گیا۔ چھبیس سو سال قبل مسیح کے ثقافتی آثار نظر آنے لگے۔ میزبان کی رہنمائی کا ساتھ رہا۔  شہر موئن جو داڑو کی جانب جوں جوں بڑھتے گئے، لاڑکانہ کی تنگی بتدریج کشادگی میں بدلتی گئی۔ یوں تو موئن جو داڑو مقام عبرت ہے۔

یوں تو اس مقام سے استغفراللہ پڑھتے ہوئے گزرجانا چاہیئے۔ مگر جمہوریت کے بہترین انتقام کا مشاہدہ عبرت کی سنگینی کہیں پیچھے چھوڑ آیا تھا۔ موئن جو داڑو کی کشادہ گلیاں، فن تعمیر کا عمدہ شہکار، منصوبہ بندی ایک ایک اینٹ سے نمایاں، اورحاصل کرنے کے لئے عبرت اور سیکھنے کے لئے بہت سے سبق، جاننے کے لئےبہت سی سچائیاں۔

\"MOHENJOلاڑکانہ اور موئن جو داڑو میں عبرتوں کے احساسات یکسر جدا اور مختلف تھے۔۔۔۔ ایک شہر کے لوگ خدا بن بیٹھے تھے۔ دوسرے شہر نے کچھ خداؤں کو خود پر مسلط کر لیا ہے۔ لاڑکانہ شہر میں جمہوریت کا بہترین انتقام عتاب الٰہی کی نئی صورت نظر آیا۔۔۔۔ موئن جو داڑو عالمی ورثہ کہلاتا ہے مگر لاڑکانہ شہر کا تو کوئی والی وارث ہی دکھائی نہیں دیتا۔ اس شہر کی سیاسی تاریخ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ ہے۔ پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو 1970 سے 77 تک انتخابات میں اس شہر سے منتخب ہوئے۔ انیس سو اٹھانوے میں قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر پیپلز پارٹی کی بیگم نصرت بھٹو، بینیظیر بھٹو، اور بیگم اشرف عباسی نے کامیابی حاصل کی۔ نوے، ترانوے، اورستانوے میں پیپلزپارٹی کے نمائندے لاڑکانہ سے ایوانوں تک پہنچے۔ قتل سے پہلے بینیظر بھٹو لاڑکانہ این اے 207 سے انتخاب لڑ رہی تھیں، بعد ازاں اُسی نشست سے آصف زرداری کی بہن فریال تالپور نے کامیابی حاصل کی۔

پیپلزپارٹی کے لئے تقریباََ نصف صدی تک ایوانوں کا رستہ لاڑکانہ سے ہو کر گزرا ہے، مگر لاڑکانہ پر اس دوران کیا کچھ گزری؟ یہ لاڑکانہ سے گزر جانے والا مسافر با آسانی جان سکتا ہے۔ اسے سوائے جمہوریت کے بہترین انتقام کے کیا کہا جاسکتا ہے؟ یہاں پیپلزپارٹی کے رویے کا ایک اور سنگین پہلو قابل افسوس ہے۔ پیپلزپارٹی کے ذمے داران نے موئن جو داڑو تک جانے والی پکی سڑک سے لے کر سیاحوں کے لئے ہوائی اڈے تک ہر کام بڑی تن دہی اور ذمےداری سے نبھایا ہے۔ دو شہروں کی یہ سنگین کہانی زمیندارانہ نظام میں جمہوریت کی ہلاکت خیزی کو نمایاں کرتی ہے۔ پاکستان میں زمیندارانہ، جاگیردارانہ، اور برادری سیاست کا نظام جب تک جڑ سے نہ اکھڑ جائے، سیاسی شعور کی آبیاری ممکن نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
3 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments