پی ایس ایل فور: فائنل میں رسائی کا مقابلہ، پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ


پاکستان سپر لیگ فور کے فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے ایک بار پھر پی ایس ایل کی دو سب سے کامیاب ترین ٹیموں کا ٹاکرا کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہو رہا ہے جہاں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

اب تک کے چار پی ایس ایل ٹورنامنٹس میں سے تین میں لیگ مرحلے کے بعد پہلی اور دوسری پوزیشنز بالترتیب پشاور اور کوئٹہ کی رہی ہیں۔

لیکن اس سال ہونے والی پی ایس ایل میں ان ٹیموں کے درمیان ہونے والے دونوں مقابلے کوئٹہ کی ٹیم نے جیتے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

کراچی میں پاکستان سپر لیگ کی گہما گہمی

چار ٹیموں کی ٹائٹل پر نظریں

زلمی کو گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں باآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست

دبئی میں 15 فروری کو ہونے والے مقابلے میں پشاور زلمی کے 155 رنز کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 161 رنز بنائے اور چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

اس کے بعد چار مارچ کو ابو ظہبی میں ہونے والے میچ میں پشاور کی ٹیم نے 165 رنز بنائے لیکن کوئٹہ نے نہایت آسانی کے ساتھ 18ویں اوور میں میچ صرف دو وکٹوں کے نقصان پر ختم کر دیا۔

لیگ مرحلے کے بعد پشاور زلمی کے حسن علی نے اب تک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 21 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ان کے ساتھی بولر وہاب ریاض نے 13 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر 15 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بیٹنگ کے شعبے میں کوئٹہ کے شین واٹسن تین نصف سنچریوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں اور انھوں نے اب تک 352 رنز بنائے ہیں۔

پشاور کی جانب سے اب تک سب سے زیادہ رنز امام الحق نے بنائے ہیں جن کے کھاتے میں 257 رنز ہیں۔

اگر ٹورنامنٹ کی تاریخ کو دیکھا جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ان دونوں ٹیموں کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے۔

ان تینوں نے دو دو بار فائنل میں رسائی حاصل کی ہے اور پشاور زلمی نے 2017 میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں کوئٹہ کو باآسانی 58 رنز سے شکست دی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp