پی ایس ایل فور: پاکستان سپر لیگ کے 9 سب سے یادگار لمحات


پاکستان سپر لیگ فور کا ایک ماہ سے زائد جاری رہنے والا میلہ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اس میلے کے فائنل معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فاتح قرار پائی ہے۔

پی ایس ایل نے جہاں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے کرکٹ شائقین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا وہیں دنیا بھر کے کرکٹ شائقین بھی اس سے لطف اندوز ہوئے۔

لیکن پی ایس ایل کے حالیہ سیزن میں چند ایسے لمحات اور واقعات بھی سامنے آئے جنھوں نے یا تو میچ کا پانسہ پلٹ دیا، تماشائیوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی یا پھر ان کے اندر موجود ناقد کو جنم دیا۔

یہ بھی پڑھیے!

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ جیت ہی لی

’آل راؤنڈر کے طور پر پہچانا جانا چاہتا ہوں‘

بے پناہ خرچوں کے بعد آخر لاہور قلندرز پھر ناکام کیوں؟

https://twitter.com/thePSLt20/status/1107372998154178562

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈوین براوو کا ڈانس ہو یا قلندرز کے فواد رانا کے چہرے کے بدلتے تاثرات، یہ تمام رنگ اگلے سال دوبارہ پی ایس ایل کا میلہ سجنے تک شائقین کی یاداشت میں تازہ رہیں گے۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1107280638657343488

آصف علی کا لاٹھی چارج

پاکستان سپر لیگ فور کے پہلے ناک آؤٹ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1106247652621066240

میچ کے ایک مرحلے میں کراچی کنگز کے بائیں ہاتھ کے بولر عمر خان کے سپیل کے اختتام پر لگ رہا تھا کہ کراچی شاید میچ میں کامیاب ہو جائے لیکن یونائیٹڈ کے آصف علی نے زوردار ہٹنگ کر کے جیت کو یقینی بنایا۔ آصف علی پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹسمین ہیں۔

محمد سمیع کی ہیٹ ٹرک

پاکستان سپر لیگ کے شارجہ میں کھیلے گئے 11ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد سمیع نے پشاور زلمی کے خلاف آخری اوور میں مسلسل تین گیندوں پر وہاب ریاض، عمید آصف اور حسن علی کو آؤٹ کرکے نہ صرف پی ایس ایل کے حالیہ سیزن کی واحد بلکہ پہلی ہیٹ ٹرک کی تھی۔

https://www.youtube.com/watch?v=MkifUhsu1po&feature=youtu.be

میچ کے آخری اوور میں پشاور زلمی کو جیتنے کے لیے 19 رنز درکار تھے۔ اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیتنے کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا تھا۔

محمد شنواری کی تباہ کن بولنگ

پاکستان سپر لیگ کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دی، اس کامیابی سے کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کی تھی۔

کراچی کنگز کے 190 رنز کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم کو میچ کے آخری اوور میں جیت کے لیے پانچ رنز درکار تھے۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1104809440971317249

تاہم عثمان شنواری کی تباہ کن بولنگ کی بدولت گلیڈی ایٹرز ہدف حاصل نہ کر سکی۔ عثمان شنواری نے آخری اوور میں احمد شہزاد، انور علی اور سرفراز احمد کو آؤٹ کیا۔ عثمان شنواری کو میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

اے بی ڈی ویلیئرز کا پاکستان نہ آنا

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے لاہور قلندرز کے کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز چوٹ کی وجہ سے پاکستان میں پی ایس ایل کے مقابلوں میں شرکت نہ کر سکے جس سے پاکستانی شائقین کو مایوسی ہوئی۔

https://twitter.com/ABdeVilliers17/status/1104448322515931140

ڈی ویلیئرز اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں اور کرکٹ شائقین کو ان سے بہت توقعات تھیں۔ لاہور قلندرز کے منیجر ثمین رانا نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘لاہور قلندرز اور اس کے پرستاروں کے لیے یہ ایک مایوس کُن خبر ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز پاکستان میں ہونے والے پی ایس ایل میچ نہیں کھیل پائیں گے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔ وہ ایک حیرت انگیز کھلاڑی اور شاندار انسان ہیں۔

پشاور زلمی کے مصباح اور سیمی کی پارٹنرشپ

پاکستان سپر لیگ کا متحدہ عرب امارات میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والا میچ کرکٹ شائقین اور خصوصاً لاہور قلندرز کو اگلے سیزن تک ایک برے خواب کی طرح یاد رہے گا۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1102966448098557953

اس میچ میں قلندرز نے زلمی کو 125 رنز کا ہدف دیا تھا۔ زلمی کی ٹیم 20 رنز پر پانچ وکٹیں کھو تھی تو ایسا لگ رہا تھا کہ قلندرز 125 رنز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن مصباح اور ڈیرن سیمی کی شاندار 100 رنز کی شراکت نے قلندرز کی ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے الزامات

پاکستان سپر لیگ کے حالیہ سیزن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑا جب کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نامناسب زبان اور اشارے استعمال کیے جانے کی شکایات موصول ہوئیں۔

دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے اختتام پر کراچی کنگز کے صدر اور سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے شکایت کی کہ کراچی کنگز کے ڈریسنگ روم کے اوپر واقع لاہور قلندرز کے مہمانوں کے باکس سے ان کے بارے میں مبینہ طور پر نامناسب نعرے لگائے گئے ہیں اور نامناسب اشارے بھی کیے گئے ہیں۔

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کراچی کے وسیم اکرم، عماد وسیم اور محمد عامر پر مبینہ طور پر لاہور قلندرز کے باکس کی طرف دیکھتے ہوئے نامناسب زبان استعمال کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

لاہور قلندرز کا پھر پی ایس ایل سے باہر ہونا

لاہور قلندرز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے حالیہ سیزن میں بھی پلے آف مرحلے سے باہر ہو گئی۔ جس نے لاہور قلندرز کی ٹیم منیجمنٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان اور خصوصاً لاہور کے شائقین کو بے حد مایوس کیا۔

پی ایس ایل

لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا اپنی ٹیم کی مسلسل ناکامی پر خاصے دلبرداشتہ ہوئے اور انھوں نے لاہور کے لوگوں سے اپنی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر معافی بھی مانگی۔ انھوں نے کہا تھا کہ ان کی ٹیم ہار ہار کر تھک چکی ہے۔

امام الحق کی شین واٹسن کے ساتھ تلخ کلامی

پی ایس ایل کے فائنل میچ میں شین واٹسن کے آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق کی جانب سے تلخ فقرے بازی پر کرکٹ شائقین نے انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہیں۔ سوشل میڈیا پر چھڑی بحث میں شائقین انھیں اس حرکت پر سفارشی اور بد اخلاق قرار دے رہے ہیں۔

https://twitter.com/chaaychahiaay/status/1107368759742922752

کرکٹ شائقین کا کہنا تھا کہ شین واٹسن نے پاکستان آکر دنیا کو پاکستان آنے کی ترغیب دی ہے ہمیں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ یہ مناسب نہیں ہے کہ حال ہی میں بمشکل قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے امام ان سے بد تہذیبی سے پیش آئیں۔

جونٹی روڈز اور ڈیرن سیمی کی کراچی کی سیر

پی ایس ایل کے حالیہ سیزن میں بطور کمنٹیٹر شریک ہونے والے جنوبی افریقہ کے مایہ ناز کھلاڑی جونٹی روڈز نے پیر کے روز فائنل سے قبل گورنر سندھ اور ہیوی بائیک کے ایک گروہ کے ساتھ کراچی کی سڑکوں کا آزادانہ چکر لگایا جس سے دنیا میں پاکستان کے پرامن ملک کا پیغام گیا ہے۔

https://twitter.com/ImranIsmailPTI/status/1106979522744852480

جبکہ ہمیشہ کی طرح پاکستان کرکٹ شائقین کا دل جیتنے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی بھی اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس مرتبہ بھی پاکستانی رنگ میں ڈھل گئے۔ کراچی میں جہاں خوب سیر کی وہی مزار قائد پر پاکستانی پرچم تھامے ان کی تصویر نے دلوں میں ان کے احترام کو اور بڑھا دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp