قبائلی علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ بدستور بند


موبائل

PA

قبائلی علاقوں میں فوجی پریشنز کے بعد مقامی لوگوں کا ایک بڑا مطالبہ موبائل فون اور 3 جی اور 4 جی سروس کی بحالی ہے۔ تاہم وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پی کے کے اعلانات کے باوجود ضلع باجوڑ میں موبائل ڈیٹا سروس اور شمالی وزیرستان موبائل اور ڈیٹا سروس اب تک شروع نہیں کی جا سکیں ہیں۔

موبائل فون کمپنیوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے اور وزارت داخلہ کے باقاعدہ احکامات کے بغیر یہ سروسز شروع نہیں کی جا سکتیں۔ باجوڑ میں وزیر اعظم عمران خان نے چند روز پہلے ایک عوامی جلسے میں 3 جی اور 4 جی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فوجی آپریشنز سے پہلے ان قبائلی علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود تھی۔ ان علاقوں کو دنیا سے منسلک کرنے کے لیے ان سہولیات کی فراہمی کے وعدے تو کیے جا رہے ہیں لیکن عمل نہیں کیا جا رہا۔

یہ بھی پڑھیے

سابقہ فاٹا میں قبیلے کی مانیں یا قانون کی؟

کورٹ کچہری سے قبائیلیوں کی توقعات؟

’اپنا بچہ‘ فوج کی نظر میں دشمن قوتوں کا آلۂ کار کیوں بن گیا؟

زاہد اللہ ایک مقامی نوجوان ہیں اور ملازمت کرتے ہیں۔ گزشتہ روز چند لمحوں کے لیے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں موبائل فون کی ڈیٹا سروس کچھ دیر کے لیے شروع ہوئی تھی جس سے انھیں خوشی تو ضرور ہوئی لیکن چند کچھ دیر بعد سروس معطل کر دی گئی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ آج باجوڑ میں موبائل انٹرنیٹ کی کوئی سروس دستیاب نہیں ہے۔ اسی طرح باجوڑ سے طالب علموں اور تاجروں سے بات چیت ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں موبائل فون کی 3 جی اور 4 جی کی سروس دستیاب نہیں۔

باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری محمد شفیق نے بتایا کہ موبائل ڈیٹا اس وقت انتہائی ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ طلبا اور تاجروں کو مختلف حوالوں سے موبائل ڈیٹا کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کے علاوہ باجوڑ کے بہت لوگ بیرونِ ملک رہتے ہیں، ان سے رابطے کے لیے بھی موبائل ڈیٹا سروس بہت ضروری ہے۔

باجوڑ سے تعلق رکھنے والے مقامی صحافی بہاؤالدین نے کہا کہ موبائل فون سروس باجوڑ میں پہلے سے موجود تھی اور اب 3 جی اور 4 جی کی باتیں ہو رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ 3جی اور 4 جی سروس کو سراہتے ہیں وہ ان کی سیاسی مجبوری ہے لیکن بنیادی طور پر قبائل کو روزگار کی ضرورت ہے۔ جن لوگوں کے مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کی مرمت کی ضرورت ہے اسی طرح باجوڑ میں بجلی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے حکومت اگر چاہتی ہے تو بجلی کا مسئلہ حال کردے۔

شمالی وزیرستان میں وزیر اعلی محمود خان کے اعلان کے باوجود نہ تو موبائل فون ناں ہی ڈیٹا سروس شروع کی جا سکی ہے۔ شمالی وزیرستان میں نہ تو موبائل فون سروس ہے اور نہ ہی 3 جی اور 4 جی سروس دستیاب کی گئی ہے۔

موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنی یو فون کے عہدیدار نے کہا ہے کہ باجوڑ میں گزشتہ روز انھوں نے آزمائشی سروس شروع کی تھی لیکن جب تک پی ٹی اے اور وزارت داخلہ کی جانب سے باقاعدہ احکامات جاری نہیں ہوتے وہ یہ سروس شروع نہیں کر سکتے۔

وزیر اعظم عمران خان یہ اعلان بھی کیا ہے کہ قبائلی علاقوں میں ہر سال ایک سو ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے اور اس کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک سو ارب روپے کے فنڈز سے ترقیاتی منصوبے شروع کرنا حکومت کے لیے بڑا چیلنج ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp