زیارت میں لیویز چیک پوسٹ پر حملہ، 6 اہلکار ہلاک


بلوچستان

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع زیارت میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز فورس کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے جس میں لیویز فورس کے 6 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ زیارت کے علاقے سنجاوی میں لال کٹائی کے مقام کے قریب پیش آیا۔ اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے سنجاوی کے اسسٹنٹ کمشنر عبد الکبیر نے بتایا کہ اس علاقے میں لیویز فورس کی ایک چیک پوسٹ قائم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے پہلے فائرنگ کر کے چیک پوسٹ کے سنتری کو ہلاک کیا۔ ان کے مطابق اس کے بعد حملہ آور چیک پوسٹ میں داخل ہوگئے اور دیگر اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

یہ بھی پڑھیے

بلوچستان میں ریلوے لائن پر بم دھماکہ، چار ہلاک

بلوچ عسکریت پسندوں کو ہنر مند بنانے کا فیصلہ

دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور لیویز فورس کے اہلکاروں کو اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جان کمال خان نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بہادری کے ساتھ شدت پسندوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

ضلع زیارت کوئٹہ شہر سے تقریباً 124 کلومیٹر کے فاصلے پر واقعہ ہے جبکہ سنجاوی زیارت کے ہیڈ کوارٹر سے 60 کلومیٹر دور ہے۔

اس ضلعے کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے۔ ادھر قریبی ضلع لورالائی میں اس سال اس نوعیت کے واقعات میں اب تک 15 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp