کرائسٹ چرچ حملے: ’کار رکی، شیشہ نیچے ہوا اور فائرنگ شروع ہو گئی‘


کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر ہونے والے حملوں میں زخمی ہونے والے 66 سالہ پاکستانی محمد امین ناصر ابھی تک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ وہ بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

محمد امین ناصر کے پاس نیوزی لینڈ کی مستقل رہائش کا ویزہ ہے اور وہ گذشتہ چار، پانچ سال سے وہ اپنا زیادہ تر وقت نیوزی لینڈ میں اپنے بیٹے 35 سالہ محمد یاسر امین کے پاس گذارتے ہیں۔

محمد امین ناصر جب فائرنگ میں زخمی ہوئے تو حملے میں محفوظ رہنے والے محمد یاسر امین ہی نے اپنے والد کو ہسپتال پہنچایا تھا۔

محمد یاسر کے مطابق ’ہم دونوں معمول کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جا رہے تھے۔ ابھی ہم مسجد النور سے 200 میٹر کے فاصلے پر تھے کہ اچانک مسجد کی پارکنگ سے ایک کار تیزی سے ان کے قریب رکی، کھڑکی کا شیشہ نیچے ہوا اور اس میں سے اندھا دھند فائرنگ شروع ہو گئی۔‘

’ہم دونوں فائرنگ سے بوکھلا گئے اور بچنے کے لیے بھاگے، گولیاں میرے آگے پیچھے سے گزر رہی تھیں، کلمہ پڑھ لیا تھا کہ لگتا نہیں تھا کہ اس اندھا دھند فائرنگ سے بچ سکیں گے۔ ‘

یہ بھی پڑھیے

’پانچ دن ہو گئے ہیں میرے بیٹے کا فون نہیں آیا’

کرائسٹ چرچ: ’میں جہانداد کی میت کیسے دیکھوں گی؟‘

’مسجد میں فائرنگ ہوئی ہے، یہاں مت آئیں!‘

نیوزی لینڈ کا حملہ آور پاکستان میں کیا کرتا رہا؟

محمد یاسر نے بتایا: ’ہم چند قدم ہی چلے ہوں گے کہ مجھے واضح طور پر والد صاحب کے گرنے اور کراہنے کی آواز آئی، پیچھے مڑ کر دیکھا تو والد صاحب گرئے ہوئے تھے اور ان کے جسم سے خون بہہ رہا تھا۔ کار جس تیزی سے رکی اسی تیزی سے چل پڑی تھی۔ میں نے پہلا کام ٹرپل ون پر کال کی تو بتایا گیا کہ امدادی کارکنان ہمارے طرف ہی رواں دواں ہیں۔‘

ان کے مطابق چند ہی منٹوں پر پولیس اور امدادی کارکن موقع پر پہنچ گے۔

’مجھے لگتا ہے کہ دہشت گرد نے مسجد سے واپسی پر میرے والد کو شلوار قمیض اور سر پر ٹوپی دیکھ کر اپنا ایک اور شکار سمجھ کر فائرنگ کی تھی۔‘

پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر حافظ آباد میں موجود زخمی امین ناصر کے ایک اور بیٹے قیصر امین نے بی بی سی کو بتایا ’ہمارا خاندان بنیادی طور پر زمیندار گھرانہ ہے۔ میرا بھائی ناصر امین کئی سال پہلے نیوزی لینڈ منتقل ہو گیا تھا۔ کوئی چار سال قبل اس نے والد صاحب کے لیے مستقبل ویزہ حاصل کر لیا تھا جس کے بعد والد صاحب اپنا زیادہ تر وقت ناصر امین کی خواہش پر اس ہی کے پاس گزارتے تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک اور بھائی عیادت کے لیے نیوزی لینڈ جانے والا ہے۔

نیوزی لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی کے مطابق ہسپتال میں محمد امین ناصر واحد زخمی پاکستانی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp