انڈین پریمیئر ليگ: کیا کوہلی اس بار دھونی کو ہرا پائیں گے؟


دھونی اور کوہلی

دنیا کی اہم کرکٹ لیگ میں شمار ہونے والے انڈین پریمیئر ليگ (آئی پی ایل) کے 12 ویں سیزن کا آغاز آج سے انڈیا کے جنوبی شہر چینئی (مدراس) میں ہو رہا ہے۔

اس سیزن کا پہلا میچ گذشتہ سال کی آئی پی ایل چیمپیئن چینئی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں بنگلور اور چینئی کے علاوہ ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز، کنگز ایلون پنجاب، کولکتہ نائٹ رائیڈرز، دہلی ڈيئر ڈیولز اور سن رائزرس حیدرآباد شامل ہیں۔

آج سے شروع ہونے والی آئی پی ایل کا فائنل 12 مئی کو ہو گا۔ اس میں مجموعی طور پر 56 لیگ میچ ہوں گے جس میں ہر ٹیم دوسری ٹیم کے خلاف دو میچ کھیلے گی۔

انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چینئی سپر کنگز تین بار یہ اعزاز جیت چکی ہے جبکہ وراٹ کوہلی کی ٹیم تین بار فائنل میں شکست سے دو چار ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل اور آئی پی ایل کا مقابلہ کیا ممکن ہے؟

آئی پی ایل میں سٹے بازی، اداکار ارباز خان کی تھانے طلبی

آئی پی ایل کے میچ کے دوران سٹیڈیم کے اندر مظاہرہ

آئی پی ایل کے دسویں سیزن کا افتتاح آج

’آئی پی ایل سے خاندان کا قرض اتاروں گا‘

چینئی کی ٹیم چار بار دوسرے نمبر پر رہی ہے اور مجموعی طور پر وہ سات بار فائنل میں پہنچی ہے۔

اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ آئی پی ایل میں اب تک سی اسی ٹیم کا دبدبہ رہا ہے۔

اتنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اس ٹیم کو سب سے زیادہ بدنامی کا بھی سامنا رہا اور اس کے مالکان کی سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں مبینہ شمولیت کے سبب اس پر دو سال (2017-2016) کی پابندی لگا دی گئی تھی۔ اسی دوران راجستھان رائلز پر بھی پابندی لگائی گئی تھی تاہم اب دونوں ٹیمیں پھر سے لیگ میں شامل ہیں۔

آئی پی ایل میں پیسے کی چمک دمک اتنی نظر آئی ہے کہ اس سے انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) بھی بچ نہیں سکی۔ آئی پی ایل کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرنے والے للت مودی منی لانڈرنگ کے الزام میں آج بھی ملک سے فرار ہیں جبکہ بی سی سی آئی نے ان پر تاحیات پابندی لگا رکھی ہے۔

دوسری جانب بی سی سی آئی کو ان کے عہدیدار کے بجائے انڈیا کی عدالت عظمی کی نامزد اصلاح کمیٹی چلا رہی ہے۔

سنیچر کو دھونی کی ٹیم چینئی سپر کنگز انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور سے ایم اے چدامبرم سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہو گی اور ایک بار پھر یہ مقابلہ دو ٹیموں سے زیادہ دو کپتانوں میں نظر آئے گا۔

چینئی کی ٹیم

ان دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ نسبتا یکطرفہ رہا ہے اور سنہ 2014 کے بعد سے دھونی کی ٹیم کوہلی کی ٹیم سے کوئی میچ نہیں ہاری ہے جبکہ چدامبرم سٹیڈیم میں دونوں ٹیم کے درمیان اب تک کھیلے جانے والے سات میچوں میں سے چھ میں دھونی کی ٹیم کامیاب رہی ہے۔

چینئی کو آئی پی ایل کی ابتدا سے قبل ہی ایک بڑے خسارے کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب ان کی ٹیم میں شامل جنوبی افریقہ کے تیز بولر ایل اینگيڈی پٹھوں میں کھنچاؤ کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔

ممبئی انڈینز کو پہلے چند میچوں میں سری لنکا کے لستھ ملنگا کی خدمات میسر نہیں ہوں گی جبکہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ایڈم ملنے نے انجری کے باعث ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے میچ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے معاملے میں ایک بار پھر لوگوں کی نظریں آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن، ویسٹ انڈیز کے ڈوائن براوو جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز پر ہوں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32559 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp