روزانہ سستی شراب پینے نے ہارون رشید کے دماغ پر اثر کیا ہے: نعیم الحق


سینئر تجزیہ نگار اور ماضی میں وزیراعظم کے قریبی دوست سمجھے جانے والے صحافی ہارون رشید تحریک انصاف کے اندرونی معاملات پر لب کشائی کرتے رہتے ہیں۔  اس وجہ سے بسا اوقات انہیں پی ٹی آئی کی طرف سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اور اب تازہ لفظی حملہ سینئر رہنما نعیم الحق کی طرف سے کیا گیا۔

نعیم الحق نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ”ناقص کوالٹی کی شراب جو ہارون رشید روزانہ پیتے ہیں، لگتاہے کہ اس نے ان کے دماغی خلیوں کو متاثر کردیا ہے، اگلے روز اس نے دوبارہ ٹی وی پر بیٹھ کر مجھ پر لفظی حملہ کیا، بلکہ اپنا ڈائمینشیا بے نقاب کیا۔ ہارون، کیا آپ شراب کی جگہ دودھ استعمال کرنا شروع کر سکتے ہیں؟‘

اس ٹوئیٹ پر سوشل میڈیا صارفین بھی میدان میں آگئے اور اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا، کئی لوگوں نے نعیم الحق کو آڑے ہاتھوں لیا تو کسی نے ان کی تعریف کی ۔ ڈاکٹرفرحان ورک نے لکھا ” سر، آپ حقیقی لیجنڈ ہیں، وہ ایک حقیقی لیجنڈ کی قدرومنزلت سے ناواقف ہیں“۔

تاہم بعد ازاں نعیم الحق نے ہارون رشید کے خلاف یہ ٹوئیٹ ڈیلیٹ کر دی اور لکھا کہ ”میں نے ہارون رشید کے خلاف اپنی ٹوئیٹ واپس لے لی ہے کیونکہ میرے خیال میں اپنے خلاف تنقید پر میں نے اوور ری ایکٹ کیا ہے، لیکن مجھے امید ہے کہ ہارون کو میرا مسیج مل گیا ہوگا اور مجھ پر اور وزیراعظم عمران خان سمیت میرے ساتھیوں پر ذاتی حملوں سے گریز کریں گے“۔

نعیم الحق کی اس ٹوئیٹ پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے دل کھول کر بھڑاس نکالی اور اشرف نامی صارف نے لکھا کہ ’’آپ پلیز خان صاحب کا وقار بلند رہنے دیں۔ کیوں ہر ہفتہ کسی نہ کسی سے پھڈا ڈال کے بیٹھے ہیں۔ ساری دنیا جب PTV کی نا اہلی پر پریشان تھی تو آپ کہہ رہے تھے کہ وزیراعظمPTV سے خوش ہیں۔ خدا کا واسطہ ، خان صاحب کی لمبی جدوجہد کا ہی خیال کر لیں۔ وہ آپ کی عزت کرتے ہیں ، آپ بھی کریں‘۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).