عمران خان نے کراچی میں 12 سال پرانے منصوبے کا دوبارہ افتتاح کر دیا


وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں باغ ابن قاسم بحالی منصوبے کا افتتاح کیا اور کہا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ کراچی میں گراؤنڈز اور پارکس کم ہوتے گئے، انہوں نے کہا باغ ابن قاسم کو دیکھ کر حیران ہو گیا ہوں، بچوں کیلئے گراؤنڈز کراچی میں ہونی چایئے۔

افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمرا ن خان نے کہا کہ آئندہ 5 سالوں میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، شہروں کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بلند عمارتوں کی اجازت دے رہے ہیں، سندھ میں شجرکاری مہم کی بہت ضرورت ہے، اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

اس کے ردعمل میں کراچی کے سابق ناظم اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفی کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نے 12سال پرانے اس منصوبے پر اپنے نام کی تختی لگالی ہے جس کا افتتاح سابق فوجی صدر پرویزمشرف نے ان کے دورمیں کیا تھا۔

مصطفی کمال نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے ہمراہ افتتاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”کراچی سے (پی ٹی آئی کو) قومی اسمبلی کی 14 نشستیں ملیں لیکن کیا کراچی اسی کا حقدار ہے؟ کچھ نیا دینے کی بجائے وزیراعظم عمران خان نے باغ ابن قاسم کا دوبارہ افتتاح کردیا جو میرے میئر کے دور میں 2007ء میں بنایا اور افتتاح کیا گیا تھا، اس پر 60 کروڑ روپے لاگت آئی تھی‘‘۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).