شوبز ڈائری: شاہ رخ خان کے بیٹے آرین کرن جوہر کے اسسٹنٹ ہدایتکار بنیں گے


آریان خان اپنے والدین کے ہمراہ

شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ آرین فلم میکینگ کی پڑھائی کر رہے ہیں جبکہ ان کی بیٹی سوہانا اداکاری میں دلچسپی رکھتی ہیں

انڈین فلم سٹار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آرین خان نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ وہ اداکاری نہیں بلکہ فلمسازی میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

مگر مسئلہ یہ ہے کہ انہیں لانچ تو کرنا ہی ہے، بطور ڈائریکٹر ہی سہی۔

خبریں ہیں کہ شاہ رخ کے ہمدم دیرینہ کرن جوہر جن پر اقربا پروری کا الزام لگایا جاتا ہے اب آرین کو لانچ کرنے والے ہیں اور آرین انکی اگلی فلم ’تخت‘ میں ان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے

عالیہ بھٹ کی عمر میں میری ماں کے دو بچے تھے: کنگنا

’عورتوں کو پہلے خود سے محبت کرنی چاہیے‘

’میں علی کی جگہ ہوتا تو میں بھی یہی کرتا‘

ملائیکہ نے طلاق کیوں لی اور بالی وڈ میں دیش بھگتی

کچھ عرصے پہلے ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ آرین فلم میکینگ کی پڑھائی کر رہے ہیں جبکہ ان کی بیٹی سوہانا اداکاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ شاہ رخ کا کہنا تھا کہ اگر آرین فلمساز بننا بھی چاہتے ہیں تو تب بھی انہیں اپنی پڑھائی پوری کرنی ہو گی۔

’تخت‘ ایک ملٹی سٹار فلم ہے جس میں رنویر سنگھ، کرینہ کپور، عالیہ بھٹ، وکی کوشل، جھانوی کپور اور انیل کپور اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

جہاں تک کرن جوہر کا تعلق ہے وہ اپنے دوستوں کے بچوں کو لانچ کرنے میں سب سے آگے رہتے ہیں چاہے وہ عالیہ بھٹ ہوں یا چنکی پانڈے کی بیٹی عنایہ پانڈے اب ایسے میں اقربا پروری پر کنگنا رناوت کی ان سے چھیڑ چھاڑ پر ان کا برا ماننا کہاں تک درست ہے۔

کرن جوہر

کرن جوہر اپنے دوستوں کے بچوں کو لانچ کرنے میں سب سے آگے رہتے ہیں

کلنک

کرن جوہر کی فلم کلنک کا ٹریلر ریلیز کیا گیا۔ دیکھ کر اندازہ ہوا کہ فلم کا پلاٹ 1940 کی دہائی سے ہے اور یہ ایک ممنوعہ محبت یعنی ’فاربڈن لو‘ کی کہانی ہے جس میں ایک شادی شدہ لڑکی کسی اور کی محبت میں گرفتار ہو جاتی ہے شاید اسی لیے فلم کا نام کلنک رکھا گیا ہے۔

فلم میں عالیہ بھٹ، ورون دھون، ادتیہ رائے کپور کے ساتھ سوناکشی سنہا، سنجے دت اور مادھوری دکشت ہیں۔

دراصل اس فلم کی کہانی تقریباً پندرہ سال پہلے لکھی گئی تھی اور اس وقت کرن جوہر کے والد یش جوہر اس فلم میں شاہ رخ خان، اجے دیوگن کے ساتھ کاجول اور رانی مکھرجی کو لینا چاہتے تھے ۔

اب فلم میں ظفر کا کردار شاہ رخ کی جگہ ورون دھون نے نبھایا ہے۔ شاہ رخ نے فلم کا ٹریلر دیکھ کر ورون دھون کی تعریف کی اور کہا کہ ’اس طرح کے کردار تمہیں تمہارے مداحوں کے اور قریب لے جائیں گے۔‘

سونالی اور عرفان کی واپسی

اداکارہ سونالی بیندرے اور عرفان خان کینسر جیسے خطرناک مرض کو شکست دیکر کامیابی کے ساتھ زندگی کی جانب لوٹ آئے ہیں۔

عرفان خان گذشتہ ہفتے ہی امریکہ سے واپس آئے ہیں اور خبریں ہیں کہ وہ فلم ہندی میڈیم کے سیکوئل کی شوٹنگ شروع کرنے والے ہیں۔

عرفان نے اپنی ایک پوسٹ میں لوگوں اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی دعائیں ہی مشکل وقت میں ان کا حوصلہ تھیں۔

ادھر سونالی بیندرے نے بھی علاج کے بعد واپسی پر اپنی کئی تصاویر شائع کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کینسر ان کے پورے پیٹ میں پھیل چکا تھا اور جب نیویارک میں ڈاکٹروں نے کہا کہ ٹھیک ہونے کے صرف 30 فیصد چانسسز ہیں تو وہ ٹوٹ سی گئی تھیں۔

سونالی کہتی ہیں کہ انھوں نے اور ان کے شوہر نے کبھی بھی امید کا دامن نہیں چھوڑا اور ایک لمحے کے لیے بھی انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ وہ مر جائیں گی۔

44 سالہ سونالی حوصلے اور امید کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp