نیب حکام حمزہ شہباز کے گھر پر، ’آج گرفتاری کی پوری کوشش کریں گے‘


قومی احتساب بیورو کے حکام پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے سینچر کے روز ماڈل ٹاؤن میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں۔

نیب کے حکام نے بی بی سی کو بتایا کے آج حمزہ شہباز کی گرفتاری ممکن بنانے کی ہر کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے مقدمے میں کی جائی گی۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز بھی نیب حکام نے پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم کے ہمراہ حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پر ان کی گرفتاری کے لیے چاپہ مارا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

’جب نیب کا نوٹس ملا میں پیش ہوا۔ آج کیا قیامت ٹوٹ پڑی‘

’نیب اور حکومت کا ناپاک اتحاد ہے‘

پیراگون سکینڈل: خواجہ سعد رفیق بھائی سمیت گرفتار

تاہم حمزہ شہباز کے ذاتی سیکیورٹی گارڈز نے نیب کے حکام کو گھر کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی تھی جس پر نیب کے حکام اور حمزہ شہباز کے ذاتی گارڈز کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔ اس واقعے سے متعلق حمزہ شہباز کے ذاتی سیکیورٹی گارڈز کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

آمدن سے زائد اثاثہ اجات رکھنے کے ریفرنس میں نیب حکام نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کو 11 اپریل کو طلب کر رکھا ہے۔

دوسری طرف حمزہ شہباز نے نیب حکام کی طرف سے انہیں گرفتار کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب حکام کی یہ کارروائی نہ صرف خلافِ قانون ہے بلکہ یہ عدالتی کارروائی کی بھی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے نیب حکام کو یہ واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے پہلے عدالت کو آگاہ کریں گے۔

اس کے علاوہ حمزہ شہباز نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ اس درخواست کی سماعت 8 اپریل کو ہو گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp