انڈین طیاروں کا ملبہ زمین پر سب نے دیکھا: میجر جنرل آصف غفور


پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بار بار جھوٹ بولنے سے سچ نہیں بن جاتا۔ پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرانے اور ثبوت کی موجودگی کا دعویٰ کرنے کے باوجود انڈین فضائیہ کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی۔

میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر انڈین حکام کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے انڈین فضائیہ کو ہونے والے نقصان پر ڈھول نہیں بجائے۔ خاموشی کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے پاکستانی ففائیہ نے انڈیا کے دو طیارے گرائے جن کا ملبہ زمین پر سب نے دیکھا۔

یہ بھی پڑھیے

’گنتی کی ہے، پاکستانی ایف 16 تعداد میں پورے ہیں‘

کیا پاکستان انڈیا کے خلاف F 16 طیارے استعمال کر سکتا ہے؟

’الیکشن کے لیے انڈیا کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا‘

بالاکوٹ میں انڈین طیارے پاکستانی طیاروں سے کیسے بچے؟

https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1115309097245605894

اس سے پہلے امریکی جریدے فارن پالیسی نے کہا تھا کہ امریکہ کے محکمۂ دفاع کے اہلکاروں نے حال ہی میں پاکستانی ایف 16 طیاروں کی گنتی کی ہے اور وہ تعداد میں پورے ہیں۔

امریکی اہلکار نے فارن پالیسی کو بتایا کہ انڈیا اور پاکستان کے حالیہ تنازعے کی وجہ سے کچھ طیارے معائنے کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں تھے اور اسی وجہ سے تمام طیاروں کی گنتی میں امریکی حکام کو چند ہفتے لگے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق اب گنتی مکمل ہو چکی ہے اور ‘تمام طیارے موجود تھے اور ان کا معائنہ کر لیا گیا ہے۔’

امریکی حکام کی جانب سے یہ بیان اس انڈین اس دعوے کے منافی ہے جس میں انڈین فضائیہ نے کہا تھا کہ انھوں نے فروری میں ہونے والی جھڑپ کے دوران ایک پاکستانی ایف 16 طیارہ مار گرایا تھا۔

انڈین فضائیہ کے حکام نے اس فضائی جھڑپ سے متعلق بیانات میں کہا تھا کہ پاکستانی طیاروں کا نشانہ بننے والے انڈین پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان نے اپنا طیارہ گرنے سے قبل پاکستان کا ایک ایف 16 طیارہ مار گرایا تھا۔

پاکستان نے اس دعوے کو متعدد بار مسترد کیا تھا۔

جمعے کو پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ کی جانب سے امریکی جریدے کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ‘یہی پاکستان کا موقف بھی رہا ہے اور یہی سچ ہے۔’

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ‘انڈیا کی جانب سے حملے اور اس کے اثرات کے بارے میں بھی دعوے جھوٹے ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ انڈیا اپنی طرف ہونے والے نقصان بشمول پاکستان کے ہاتھوں اپنے دوسرے طیارے کی تباہی کے بارے میں سچ بولے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32489 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp