آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد


شہباز شریف

لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور سرکاری حزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنانے کے مقدمات میں فرد جرم عائد کردی ہے۔

حمزہ شہباز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے صاحبزادے ہیں اور وہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے ان ملزمان کے خلاف آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کے مقدمے کی سماعت کی تو نیب کے پراسیکوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر ان دونوں مقدمات میں فرد جرم عائد ہونا ہے۔

اس پر جج نے نیب کے پراسیکوٹر سے استفسار کیا کہ رمضان شوگر ملز کا ریفرنس کیا ہے، جس پر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں رمضان شوگر ملز کی طرف جانے والے نالے کی تعمیر پر21 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ رمضان شوگر ملز کے مقدمے میں جب شہباز شریف نے لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دی تھی تو اس وقت بھی نیب کے پراسیکوٹر نے یہی موقف اپنایا تھا کہ اس نالے کی تعمیر سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر نیب کا یہ موقف تسلیم کرلیا جائے تو پھر کوئی بھی منتخب رکن اسمبلی ترقیاتی سکیم نہیں دے گا۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز شریف کی ضمانت منظور، فوری رہائی کا حکم

’جب نیب کا نوٹس ملا میں پیش ہوا۔ آج کیا قیامت ٹوٹ پڑی‘

لاہور ہائی کورٹ ان دونوں مقدمات میں میاں شہباز شریف کی ضمانت کی درخواست منظور کر چکی ہے۔

قومی احتساب بیورو نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا ایک تین رکنی بینچ کرے گا۔

احتساب عدالت میں ان مقدمات کی سماعت کے دوران میاں شہباز شریف اپنی نشست سے اُٹھ گئے اور جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے گذشتہ دس سالوں کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کی مد میں ریاست کے 23 ارب روپے سے زیادہ کی رقم بچائی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ کبھی بھی سرکاری پیسہ غلط استعمال نہیں کیا۔

میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کا اس نالے کی تعمیر سے کچھ لینا دینا نہیں ہے جس پر احتساب عدالت کے جج نے میاں شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نشست پر بیٹھ جائیں اُنھیں اپنی صفائی کا بھر پور موقع دیا جائے گا۔

احتساب عدالت میں ان دونوں باپ بیٹے پر فرد جرم عائد کردی گئی تاہم میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری گواہوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp