یورپی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹیاں عائد ہو سکتی ہیں: ٹرمپ کی دھمکی


ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئربس کو مراعات دینے کا سلسلہ بند نہ کیا تو امریکہ بھی یورپی یونین سے گیارہ ارب ڈالر کی درآمدات پر درآمدی محصولات عائد کرےگا۔

صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یورپی یونین نے برسوں تک امریکہ کی تجارت سے فائدہ اٹھایا ہے لیکن اب اسے ختم ہونا ہو گا۔

یورپی یونین کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یورپی یونین بھی ایئربس کی حریف کمپنی بوئنگ کے لیے امریکی مراعات کے حوالے سے اپنا ردعمل تیار کر رہی ہے۔

امریکہ اور یورپی یونین کے مابین ایک عشرے سے یہ تنازعہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے فورم پر چل رہا ہے۔

صدر ٹرمپ ماضی میں بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ یورپی یونین سے آنے والی کاروں اور سٹیل پر درآمدی ڈیوٹیاں عائد کر دیں گے۔

یورپی یونین کا موقف ہے کہ اگر امریکہ نے یورپی برآمدات پر درآمدی محصولات کا خطرناک کھیل کھیلا تو اس سے یورپی یونین کےممالک کی اقتصادی صورتحال تو متاثر ہو لیکن اس سے امریکہ کی معیشت بھی متاثر ہو گی۔

ماضی میں یورپی یونین بھی امریکی مصنوعات پر محصولات کی فہرست جاری کر چکی ہے جس میں ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکل سے لے کر بوربن شراب تک شامل ہے۔

یورپی یونین کی ٹریڈ کمشنر سیلسیلیا مالمسٹورم نے کہا تھا کہ یورپی یونین اپنی اشیا پر محصولات کو دیکھ کر محض خاموش نہیں رہے گا۔

صدر ٹرمپ ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ یورپی یونین کے ساتھ امریکی تجارت میں توازن تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp