درخت کاٹنے پر یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر کے خلاف مقدمہ درج


یونیورسٹی آف بلوچستان

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر کے خلاف درختوں کی کٹائی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

وائس چانسلر کے خلاف مقدمہ محکمۂ جنگلات چلتن رینج کی جانب سے یونیورسٹی کے احاطے میں 45 درختوں کی کٹائی پر درج کیا گیا ہے۔

کنزرویٹر محکمۂ جنگلات کوئٹہ ڈویژن نیاز کاکڑ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کے احاطے میں جن درختوں کو کاٹا گیا وہ کوئٹہ پائن کے تھے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ پائن کا شمار کوئٹہ کے پرانے درختوں میں ہوتا ہے۔ ان درختوں کو ایران سے سنہ 1970 کی دہائی میں لا کر لگایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

سات صدیاں پرانا درخت جسے تواہم نے بچا رکھا ہے

بلین ٹری منصوبہ تکمیل کے مراحل میں داخل

پاکستان میں جنگلات میں کمی کی وجہ کیا؟

کراچی میں گرمی کا علاج صرف ’درخت لگاؤ‘ مہم؟

نیاز کاکڑ نے بتایا کہ محکمۂ جنگلات کے قوانین کے تحت اس درختوں کو کوئی بھی نہیں کاٹ سکتا ہے خواہ یہ روڈ پر ہوں، سرکاری دفتر میں یا کسی کے نجی گھر میں ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئٹہ پائن کا درخت سوکھ گیا ہو یا اس کے کسی حصے کو جلانے کے لیے کاٹنا ہو تو اس کے لیے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے لیے محکمۂ جنگلات کو تحریری درخواست دینی پڑتی ہے۔

نیاز کاکڑ کے بقول محکمۂ جنگلات معائنے کے بعد اس بات کی اجازت دے سکتا ہے کہ درخت کو مکمل یا اس کے کسی حصے کو کاٹا جاسکتا ہے یا نہیں۔

ان کے مطابق یونیورسٹی حکام نے اتنی بڑی تعداد میں درختوں کو کاٹنے سے پہلے محکمۂ جنگلات سے اجازت نہیں لی تھی۔

محکمۂ جنگلات کے سینیئر اہلکار نے بتایا کہ ان درختوں کی اونچائی 50 فٹ تک ہوتی ہے جس طرح مری پائن مری کی خوبصورتی ہے اسی طرح کوئٹہ پائن کوئٹہ کی خوبصورتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک درخت سال میں تین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا ہے جبکہ اسی طرح آکسیجن خارج کرتا ہے۔

نیاز کاکڑ نے بتایا کہ اگر کاٹے گئے درختوں کو آکسیجن کے نقصان کے تناظر میں دیکھا جائے تو کوئٹہ کو سالانہ 12 ہزار کلو گرام آکسیجن سے محروم کر دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق بلوچستان اس وقت شدید ماحولیاتی تبدیلیوں کی اثرات کی زد میں ہے جس سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی ضرورت ہے۔

محکمۂ جنگلات کے ڈویژنل کنزرویٹر نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خطے یا علاقے میں ماحول کو بہتر رکھنے کے لیے اس کا 25 فیصد جنگلات پر مشتمل ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جنگلات کا علاقہ ایک اعشاریہ ایک فیصد کے لگ بھگ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp