ابتدائی میڈیکل رپورٹ: ماڈل اقرا کی ہلاکت نشے کی زیادتی کی وجہ سے ہوئی


لاہور میں کراچی سے تعلق رکھنے والی ماڈل اقرا سعید کی ہلاکت پر ابتدائی میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ 22 سالہ ماڈل اقرا سعید کی موت کے بارے میں ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ ان کی موت نشے کی زیادتی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

تاہم ان کے ساتھ ہونے والی مبینہ جنسی زیادتی سے متعلق رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق ڈاکٹروں کی ابتدائی رپورٹ میں آئس نشے کا ذکر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے شاہدرہ کی پولیس کو مذکورہ ماڈل کی لاش گزشتہ روز ٹیچنگ ہسپتال سے ملی تھی۔

مقامی پولیس کے مطابق مقتولہ کے موبائل سے ملنے والے ریکارڈ سے یہ معلوم ہوا ہے کہ موت سے قبل اقرا مسلسل تین افراد کے ساتھ رابطے میں تھی جو گلشن راوی کے علاقے کے رہائشی ہیں۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان طبعیت خراب ہونے پر اقرا سعید کو ہسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

لاہور پولیس کے تفتیشی شعبہ کے مطابق مقتولہ اقرا چند روز قبل ہی ماڈلنگ کے شعبے میں اپنا نام پیدا کرنے کے لیے کراچی سے لاہور آئی تھیں۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اقرا کا پہلے بھی ان ملزمان سے رابطہ رہا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی متعدد بار لاہور آچکی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اقرا کے قتل کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ میں ہی درج کیا گیا ہے جبکہ ملزمان عثمان، حسن بٹ اور عمر بٹ نے ضمانت قبل از گرفتاری کروا رکھی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو ابھی تک اس مقدمے میں شامل تفتیش نہیں کیا گیا ہے۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقتولہ کے والدین سے پولیس کا رابطہ ہوا ہے اور وہ جلد ہی لاہور پہنچ جائیں گے۔ پولیس نے ابھی تک مقتولہ کی تدفین نہیں کی اور ان کی میت کو مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp