انڈین کپتان ویراٹ کوہلی تیسری بار ’لیڈنگ کرکٹر آف دی ایئر‘


ویراٹ کوہلی

وسڈن کرکٹرز کے حالیہ ایڈیشن ‘المانیک’ کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی لگا تار تیسری مرتبہ ’لیڈنگ کرکٹر آف دی ایئر‘ کا اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

وزڈن کی جانب سے ‘کرکٹر آف دی ایئر’ کا اعزاز دیے جانے والے پانچ کھلاڑیوں میں ویراٹ کوہلی، انگلینڈ کے سیم کیوران، جوز بٹلر، روری برنس اور انگلینڈ کی خاتون کھلاڑی ٹیمی بیومنٹ بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دنیائے کرکٹ میں معتبر مقام رکھنے والی کتاب وزڈن ہر سال انگلینڈ میں کھیلی جانے والی بین الاقوامی اور کاؤنٹی کرکٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پانچ بہترین کرکٹرز کا انتخاب کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آئی سی سی کے تینوں بڑے ایوارڈز کوہلی کے نام

کوہلی اب سچن سے بھی آگے

’صرف ایک کوہلی کافی نہیں ہے‘

وراٹ کوہلی کے نئے ریکارڈز کا سلسلہ جاری

خبر رساں ادارے ایے ایف پی کے مطابق انڈین کپتان ویراٹ کوہلی نے گذشتہ برس انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مجموعی طور پر 593 رنز اور دو سنچریاں بنائی تھیں۔

کوہلی نے سنہ 2018 میں تمام فارمیٹس میں 2735 رنز بنا کر انگلینڈ کے جو روٹ کا ریکارڈ 700 سے زیادہ رنز سے توڑا تھا۔

وسڈن کے مطابق ‘ویراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور اپنے ملک میں سنچریاں بنا کر تمام حالات اور بولنگ کے خلاف مہارت دکھائی۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ویراٹ کوہلی کو رواں برس لگاتار تیسری مرتبہ لیڈنگ کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

انڈیا کی سمرتی مندھانا نے بہترین خاتون کرکٹر کا اعزاز حاصل کیا جبکہ افغانستان کے راشد خان نے لیڈنگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹر کا اعزاز برقرار رکھا۔

سمرتی مندھانا نے گذشتہ برس ایک روزہ میچوں میں 669 جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچوں 662 رنز بنائے تھے۔

انھوں نے خواتین کی سپر لیگ میں 174.68 کی اوسط سے 421 رنز بنائے تھے۔

خیال رہے کہ کہ ویراٹ کوہلی کے لیے سنہ 2018 انتہائی شاندار رہا۔ انھوں نے اس سال 13 ٹیسٹ میچوں میں 55.08 کی اوسط سے 1322 رنز بنائے جن میں پانچ سنچریاں شامل تھیں۔

گزشتہ سال ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی کارکردگی شاندار رہی اور وہ 14 ون ڈے میچوں میں 133.55 کی غیر معمولی اوسط سے 1202 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جس میں چھ سنچریاں شامل ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں انھوں نے 211 رنز سکور کیے تھے۔

ویراٹ کوہلی کی زبردست بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ گذشتہ سال ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔

وسڈن کرکٹرز کا حالیہ ایڈیشن ‘المانیک’ 11 اپریل کو شائع ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp