برطانیہ اور یورپی یونین بریگزٹ کی تاریخ اکتوبر تک موخر کرنے پر متفق


بریگزٹ

یورپین کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین نے 31 اکتوبر تک بریگزٹ کی ’لچکدار توسیع‘ پر اتفاق کر لیا ہے۔

بریگزٹ کی تاریخ میں توسیع کے اس معاہدے پر اتفاق برسلز میں ہونے والے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں ہوا جو کہ پانچ گھنٹے جاری رہا۔

ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا ’برطانوی دوستوں سے میری درخواست ہے کہ مہربانی کر کے اس بار وقت ضائع نہ کریں۔‘

یورپین کونسل کے سربراہ نے ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ توسیع کے وقت کے دوران ’کارروائی کا مقصد مکمل طور پر برطانیہ کے ہاتھوں میں ہو گا۔ وہ ابھی بھی انخلا کے معاہدے کی تصدیق کر سکتے ہیں جس میں توسیع ختم ہو سکتی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

بریگزٹ میں تاخیر کے لیے قرارداد ایک ووٹ سے کامیاب

بنا معاہدے کے بریگزٹ سے اب بھی بچا جا سکتا ہے‘

بریگزٹ پر ٹریزامے کا معاہدہ تیسری بار مسترد

https://twitter.com/eucopresident/status/1116128110557134848

ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ برطانیہ اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کر سکتا ہے یا آرٹیکل 50 کو منسوخ کرنے اور بریگزٹ کو ایک ساتھ منسوخ کر سکتا ہے۔

اس سے قبل برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کی تاریخ کو 30 جون تک توسیع دی جائے۔

ٹریزا مے نے نومبر 2018 میں یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ معاہدے پر اتفاق کر لیا تھا مگر اس معاہدے کو دو مرتبہ برطانوی پارلیمان میں مسترد کیا جا چکا ہے جبکہ جمعے کو صرف علیحدگی کے معاہدے کو 58 ووٹوں سے مسترد کر دیا گیا۔

پارلیمانی ارکان نے بریگزٹ پر آمادگی ظاہر کرنے کے لیے دو مرتبہ ووٹنگ بھی کروائی مگر کسی بھی معاہدے کو اکثریت نہ ملی۔

برطانیہ نے 29 مارچ کو یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنی تھی لیکن ٹریزا مے نے یہ جانتے ہوئے مختصر توسیع پر اتفاق کیا کہ پارلیمان ڈیڈلائن تک معاہدے پر رضامند نہیں ہو گی۔

ڈونلڈ ٹسک

بریگزٹ سے متعلق اہم واقعات کی ٹائم لائن

جون 2016: ریفرینڈم میں برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

نومبر 2018: برطانیہ کا اخراج کے معاہدے اور یورپی یونین سے مستقبل کے تعلقات کے بارے میں لائحہ عمل پر رضامندی کا اظہار کیا گیا۔

دسمبر 2018: ٹریزا مے نے یورپی اتحاد کو مزید یقین دہانی کروانے کے لیے پہلے ‘میننگ فُل ووٹ’ ملتوی کر دیا۔

15 جنوری: دارالعوام نے بریگزٹ معاہدے کو 239 ووٹوں سے مسترد کر دیا۔

13 مارچ: پارلیمانی ارکان نے دوسری مرتبہ 149 ووٹوں سے بریگزٹ معاہدے کو مسترد کر دیا۔

22 مارچ: یورپی اتحاد نے بریگزٹ میں 29 مارچ سے آگے تک تاخیر کرنے کا فیصلہ کیا لیکن برطانیہ کی طرف سے ایک ہفتے تک معاہدہ طے نہ پانے کی صورت میں 12 اپریل تک تاخیر کی جائے گی۔

29 مارچ: پارلیمانی ارکان نے 58 ووٹوں سے اخراج کا معاہدہ مسترد کر دیا۔

2 اپریل: برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ یورپی اتحاد سے مزید ‘مختصر توسیع’ حاصل کریں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp