وزیر اعظم پاکستان کے نام کھلا خط


محترم وزیراعظم عمران خان، آپ کو وزیر اعظم کہنے کی خوشی اپنی جگہ لیکن میں اور میری نسل کے کتنے ہی لوگوں کے لیے آپ وزیر اعظم سے زیادہ قوم کے ہیرو کی حیثیت سے زیادہ اہم اور معتبر رہے ہیں۔ عمران خان کا نام پاکستان کی پہچان تھا، ہے اور شاید رہے گا۔ قوم کو ورلڈ کپ دلانے کا سہرا آپ کے سر جاتا ہے۔ آپ کا نام سن کے لاکھوں دل دھڑکنا بھول جایا کرتے تھے۔ گذشتہ چار دہائیوں سے پاکستانی قوم آپ کے نام کی مالا جپ رہی ہے۔

ان کے لیے عمران خان کا کہا حرف آخر کی حیثیت رکھتا ہے۔ جب آپ نے کرکٹ چھوڑ کے سیاست کی جانب آنے کا فیصلہ کیا تو کرکٹ کے متوالوں کے دل خوشی سے جھوم اٹھے، کرکٹ کے دیوانے سیاست کے دیوانے بننا شروع ہوگئے۔ آپ کے سیاسی جلسوں میں آنے والوں کی بڑی تعداد کرکٹر عمران خان کی مداح تھی ان کے لیے آپ کی ایک دیوتا کی حیثیت رکھتے تھے۔ ۔ بیس سال کی آپ کی سیاسی جدو جہد سے کسی پاکستانی کو انکار نہیں، آپ کا نئے پاکستان کا خواب نجانے کتنے ہی پاکستانیوں نے جاگتی آنکھوں سے دیکھا اور شاید اب بھی دیکھ رہے ہیں۔

آپ کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت یہ رہا کہ قوم نے انتخابات میں آپ کو اور آپ کی پارٹی کو بڑی تعداد میں ووٹ دے کر کامیاب کرایا اور وہ دن بھی آن پہنچا جب آپ کرسی اقتدار کے بلا شرکت غیرے مالک قرار پائے۔ محترم وزیر اعظم یہاں میں ایک بار پھر آپ کو یاد دلاتی چلوں کہ ہمارے لیے عمران خان اس وقت بھی ایک وزیر اعظم نہیں بلکہ قوم کے ہیرو تھے جس پر ہم سب آنکھیں بند کرکے یقین کرتے تھے اور اسی یقین کی بنیاد پر ہم نے اپنا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں تھما دیا۔

ہم سب کو امید تھی کہ اب ملک سے غربت، افلاس، بے روزگاری، جرائم، رشوت خوری، لوٹ مار کا خاتمہ ہوگا۔ اب پاکستان امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ آپ نے آتے ہی اپنی پہلے تقریر میں جس تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا ملک کے نوجوان عش عش کر اتھے۔ آپ نے کہا کہ آپ کی پارٹی کو ملک کی باگ ڈور مشکل حالات میں سونپی گئی ہے اور قوم کو صبر کے ساتھ حالات بہتر ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔ ہم اس بات پر بھی آنکھیں بند کرکے ایمان لے آئے۔

وقت گزرتا گیا عوام اچھے وقت کی آس میں دن گزارتے رہے۔ لیکن وہ اچھا وقت اب تک نہ آیا۔ ا اپ کی حکومت کو آئے سال ہونے والا ہے۔ قوم یہ نہیں کہتی کہ آپ مسائل ایک دم حل کردیں مگر یہ تو کہ سکتی ہے نا کہ کم ازکم مسائل میں اضافہ تو نہ کریں۔ مہنگائی ہمارے ملک پاکستان کا ایک دیرینہ مسئلہ رہی ہے جس میں ہر حکومت نے کمی کا وعدہ ضرور کیا مگر نتائج اس کے برعکس ہی سامنے آئے۔ مگر آپ عمران خان آپ تو ہمارے ہیرو ہیں آپ سے تو قوم یہ امید کرتی تھی کہ مہنگائی کا جن مکمل طور پر نہ سہی کچھ حد تک تو قابو میں آئے گا مگر ہوا کیا آپ کے دور میں بھی مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

بجلی گیس کی قیمتوں سے لے کر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ا اپ کے دور حکومت میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ تازہ ترین اضافہ پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں دیکھنے میں آیا ہے۔ محترم وزیر اعظم اس سب تمہید کا مقصد نہ آپ کے حسن جہاں سوز کے قصیدے پڑھنا ہے نہ آپ کو یہ بتانا کہ ملک اس وقت کس صورتحال سے گزر رہا ہے یا عوام کو کن کن مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ یہ وہ تمام باتیں ہیں جو بحیثیت وزیر اعظم آپ کو معلوم ہونا آپ کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔

محترم اس تحریر کا مقصد محض آپ کو اس حقیقت سے متنبہ کرنا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو قوم کے دل سے محترم وزیر اعظم کے لیے پیار تو جائے ہی جائے ساتھ ہینڈ سم کرکٹر لاکھوں دلوں کی دھڑکن عمران خان کا نام بھی نہ رہے داستانوں میں۔ قصہ مختصر اب بھی وقت ہے کچھ تو سوچیں کچھ تو کریں۔ مملکت خداداد پاکستان کے لیے بہت نہ سہی بس اتنا ہی کرجائیں کہ اس کو مہنگائی کے عفریت سے نجات مل جائے۔ اگر آپ نے یہ کام کردیا تو یقین کیجئے قوم آپ کو پلکوں پر بٹھائے گی اور اگلے پانچ سال بھی آپ کو حکومت کرنے سے کوئی نہیں روک پائے گا تو کیا خیال ہے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).