سیالکوٹ میں بیٹی کا باپ پر جنسی زیادتی کا الزام، ملزم گرفتار

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

خاتون

Reuters

پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی پولیس نے ایک شخص کو اس کی بیٹی کی جانب سے جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے پر گرفتار کیا ہے۔

یہ واقعہ صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے علاقے پسرور میں پیش آیا۔

تھانہ صدر پولیس سٹیشن کے محرر نے بی بی سی کو بتایا کہ کلاس والہ گاؤں کی 15 سالہ لڑکی نبیلہ (فرضی نام) نے متعقلہ تھانے میں دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ چھ بہن بھائی ہیں اور بڑی بہن کی شادی کے بعد اب وہ اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہے۔

پولیس کے مطابق لڑکی کا مزید کہنا ہے کہ اس کی والدہ کا ایک ماہ پہلے انتقال ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

بیٹی کا والد پر ریپ کا الزام، قانون کیا کہتا ہے؟

پاکستان: پانچ سال میں بچوں سے زیادتی کے 17 ہزار واقعات

’روزانہ 11 بچے جنسی زیادتی کا نشانہ‘

ڈیرہ اسماعیل خان: کم سن بچیوں کے ریپ اور قتل کا ملزم گرفتار

’اعتماد کی بحالی میں کئی سال لگ گئے‘

پولیس کے مطابق درخواست گزار کا کہنا تھا کہ چند روز قبل وہ ایک کمرے میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ سو رہی تھی کہ اس کے والد اس کی چارپائی کے پاس آئے اور اسے جان سے ماردینے کی دھمکی دے کر زبردستی اپنی چارپائی پر لے گئے جہاں درخواست گزار کے بقول اس کے والد نے اسے زبردستی جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ملزم نے دو تین بار جنسی تشدد کیا۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے اپنی درخواست میں کہاہے کہ اس نے واقعے سے متعلق اپنی چچی کو بتایا جس کے بعد وہ اپنے والد کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے تھانے آئی۔

پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر ملزم امجد کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق یہ ایک ناقابل ضمانت جرم ہے اور جرم ثابت ہونے پر تعزیرات پاکستان کے تحت اس کی سزا عمر قید ہے۔

پولیس کے بقول متاثرہ لڑکی کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ہسپتال بھجوایا گیا اور ڈاکٹروں کی ابتدائی اور پھر مکمل میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد اسے مقدمے کا حصہ بنایا جائے گا۔

پولیس کے مطابق اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر اہل محلہ ملزم کے گھر پہنچ گئے اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 10818 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp