کارڈیشیئن خاندان نے کروڑوں ڈالر کیسے کمائے؟


کارڈیشیئنز

سوشل میڈیا پر بہنوں کے کُل ملا کر 537 ملین فالورز ہیں جو انھیں کروڑوں ڈالر بٹورنے میں مدد کرتے ہیں

امریکی ریئلٹی ٹی وی شو ’کیپنگ اپ وِد دا کارڈیشیئنز‘ اپنے 16ویں سیزن کے لیے ٹی وی سکرین پر واپس آ رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ خاندان کے لڑائی جھگڑے کی زمانے بھر میں باتیں اور اپنے اپنے برانڈز کی مصنوعات کی تشہیر ایک بار پھر سے کُھل کے کی جائیں گی۔

یہ شو ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے سے ٹی وی پر چل رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کارڈیشیئن خاندان کی دولت بھی بڑھ رہی ہے۔

شو کے آغاز میں کائلی جینر نو برس کی تھیں۔ اب ان کی عمر 21 برس ہے اور وہ ارب پتی بن چکی ہیں۔

فوربز میگزین کے مطابق میک اپ کی دنیا میں بڑا نام رکھنے والی ایک ارب ڈالر کی مالک کائلی اُس معروف کارڈیشیئن خاندان کی امیر ترین رکن ہیں جس کی سربراہ ’مومیجر‘ یعنی مینجر والدہ کریس جینر ہیں۔

تاہم ایسا نہیں ہے کہ ان کے باقی بہن بھائی کوئی خاص کام نہیں کر رہے۔

کِم کارڈیشیئن ویسٹ خود کروڑ پتی ہیں اور ان کی اپنی میک اپ مصنوعات، پرفیومز اور ’کموجیز‘ ہیں (یعنی انٹرنیٹ پر کارٹون کی اشکال کے ذریعے سے جذبات کا اظہار)۔

کینڈل جینر ایک بین الاقوامی فیشن ماڈل ہیں اور کلوئی کارڈیشیئن ’گُڈ امیرکن‘ نامی جینز برانڈ کی مالک ہیں جبکہ بڑی بہن کورٹنی کارڈیشیئن دیگر مصنوعات کی تشہیر اور فیشن برانڈز کے ساتھ اشتراک کر کے پیسے کماتی ہیں۔

ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی کا ملاپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حیرت انگیز پہنچ کارڈیشیئن خاندان کے لیے بہت منافع بخش ثابت ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بہنوں کے کُل ملا کر 537 ملین فالورز ہیں جو انھیں ’پاپ کلچر‘ کے فروغ کے نام پر کروڑوں ڈالر بٹورنے میں مدد کرتے ہیں۔

کائلی جینر

شو کے آغاز میں کائلی جینر نو برس کی تھیں۔ اب ان کی عمر 21 برس ہے اور وہ ارب پتی بن چکی ہیں

سائریکیوز یونیورسٹی میں آنٹرپرونیورشپ یا کاروباری صلاحیتوں کے تـجزیہ کار، پروفیسر الیگزینڈر میک ایلوی بھی تسلیم کرتے ہیں کہ شو کو محتاط انداز سے لکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ’اگر آپ شو کا تجزیہ کرنے لگیں تو آپ خیال کریں گے کہ شو بہت برجستہ ہے۔‘

’لیکن امکان ہے کہ یہ (شو) لکھا لکھایا ہے اور جو باتیں کارڈیشیئن خاندان اپنے بارے میں بتانا چاہتا ہے وہ دلچسپ پیغام خاندان اور پروڈیوسرز منصوبہ بندی کر کے بہت منظم انداز میں پیش کرتے ہیں۔‘

کارڈیشیئن خاندان نے کروڑوں ڈالر کیسے کمائے؟

’کیپنگ اپ وِد دا کارڈیشیئنز‘ کے اس سیزن میں توجہ کلوئی کارڈیشیئن کے سابقہ ساتھی ٹرسٹن تھامپسن اور کائلی جینر کی دوست جورڈین ووڈز کے ساتھ مبینہ تعلق پر مرکوز ہو گی۔

شو میں کلوئی غمزدہ ہو کر کہتی ہیں ’بہت افسوس کی بات ہے کہ یہ واقعہ عوام کے سامنے یوں کُھل کر سامنے آیا۔ میں صرف ٹی وی شو پر آنے والی شخصیت نہیں ہوں۔ یہ میری زندگی ہے۔‘

جب مبینہ واقعہ منظر عام پر آیا تو اسی وقت کائلی اور جورڈین کے اشتراک سے بنائی جانے والی مائع لپ سٹک اور لِپ پنسل پر مشتمل ’جورڈی لِپ کِٹ‘ کی قیمت میں 50 فیصد تک رعایت کی گئی۔

جلد ہی تمام لِپ کٹس بِک گئیں۔

روزنامہ نیو یارک ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کائلی جینر کہتی ہیں کہ انھیں معلوم نہیں تھا کہ قیمت میں کمی کر دی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا ’میں کبھی بھی ایسا نہیں کر سکتی۔‘

لیکن سچ تو یہ ہے کہ سکینڈل بڑھ گیا۔

مِنٹیل نامی مارکیٹ ریسرچ کمپنی میں بیوٹی تجزیہ کار کی حیثیت سے کام کرنے والی ایلیسن گیتھر کا کہنا ہے ’بنیادی طور پر ان کی پوری زندگی ہر وقت سب کے سامنے ہوتی ہے اور میرا خیال ہے کہ کچھ صارفین اسی وجہ سے ان لوگوں کے ساتھ زیادہ اپنائیت محسوس کرتے ہیں۔‘

پہلی قسط میں ناظرین کلوئی کو اپنی جینز کمپنی کے ایک فوٹو شوٹ کے سیٹ پر دیکھتے ہیں جبکہ کِم اور کائلی پرفیوم کو لے کر اپنے برانڈز کی جانب سے اشتراک پر بات چیت کرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ کِم کے شوہر ریپر کانیے ویسٹ بھی اپنے منصوبوں کے بارے میں بات کر کے شو کا حصہ بنتے ہیں۔

اسی دوران کورٹنی کارڈیشیئن کے ذاتی لائف سٹائل بلاگ پُوش کی لانچ ہو رہی تھی۔

کم کارڈیشیئن

کِم خود کروڑ پتی ہیں اور ان کی اپنی میک اپ مصنوعات، پرفیومز اور ‘کموجیز’ ہیں جبکہ بڑی بہن کورٹنی دیگر مصنوعات کی تشہیر کر کے اور فیشن برانڈز کے ساتھ اشتراک کر کے پیسے کماتی ہیں

کارڈیشیئنز کی طرف سے لانچ کی جانے والی زیادہ تر چیزوں کی طرح پُوش کا اعلان بھی کورٹنی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا گیا جیسے گذشتہ سال کلوئی کے جینز کے کاروبار کا اعلان کرنے کے لیے انسٹاگرام کا استعمال کیا گیا۔ یہی پلیٹ فارم کائلی کے بناؤ سنگھار میں استعمال ہونے والے بیوٹی مصنوعات کے کاروبار کی کامیابی کا ذریعہ بنا۔

گیتھر کہتی ہیں ’انھوں نے بہترین چیز یہ کی ہے کہ اپنے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ایک ایسا برانڈ تخلیق کیا ہے جو دراصل ان کے فالوورز کو چاہیے، خاص طور پر اگر کائلی جینر کا ذکر کیا جائے۔‘

جب نومبر 2015 میں پہلی بار کائلی نے اپنی لِپ کِٹ مارکیٹ میں متعارف کروائی تو انھوں نے انسٹاگرام پر براہ راست کروڑوں پرستاروں کے سامنے اپنی مصنوعات کی تشہیر کی جس کا مطلب تھا کہ نہ صرف انھیں پراڈکٹ کی مارکیٹنگ پر پیسے نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ لوگوں کی پسند ناپسند کے بارے میں فوری ردِعمل بھی ملے گا۔

نارتھ کیرولینا سٹیٹ یونیورسٹی سے منسلک لیووِس شیٹس کہتے ہیں ’20 سال پہلے تک ایک کاروبار شروع کرنے والے شخص کو 20 صارفین سے ردِعمل حاصل کرنے کے لیے انھیں مدعو کرنا پڑتا یا چیز بنا کر صارفین کے ہاتھ میں دینی پڑتی یا گلی کی نکڑ پر کھڑے ہو کر صارفین کا جائزہ لینا پڑتا تھا۔‘

’سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وہ ہزاروں افراد تک سیکنڈوں میں رسائی اور کسی تصور کے بارے میں ردِعمل حاصل کر سکتے ہیں۔‘

کیا کارڈیشیئنز ہمیشہ سے پیسے کما رہے تھے؟

شہرت کے ابتدائی دنوں میں خاص طور پر کورٹنی، کِم اور کلوئی کے حوالے سے خاندان کی طرف سے کیے گئے معاہدے اتنے آسان نہیں تھے۔

لائسنسنگ کے معاہدے کے ذریعے بہنیں کروما بیوٹی نامی میک اپ برانڈ کا چہرہ بن گئیں۔ لیکن سنہ 2012 میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے دعوؤں کی بنا پر برانڈ کی مصنوعات کو دوکانوں سے اٹھا لیا گیا۔

اسے کارڈیشیئن بیوٹی کے نام سے دوبارہ متعارف کروایا گیا لیکن اس کے باوجود قانونی مسائل برقرار رہے۔ حال ہی میں خاندان اپنے آپ کو اس صورتحال سے نکالنے میں کامیاب ہوا۔

کارڈیشیئنز

اتنی شہرت حاصل کرنے کے بعد بھی ضروری نہیں کہ کارڈیشیئن جس چیز کو چھو لیں وہ سونا بن جائے

اپنے اخراجات پر نظر رکھنے کے خواہاں نوجوان اور والدین کے لیے انھوں نے ’کارڈیشیئن کارڈ‘ نامی پری پیڈ کریڈٹ کارڈ متعارف کروایا۔

ریاست کنیٹیکٹ کے سابق اٹارنی جنرل رچرڈ بلومنتھل کا کہنا تھا کہ کارڈ کی بہت زیادہ فیس اور مالی طور پر غیر مستحکم نوجوانوں کو کارڈ کی طرف راغب کرنے کے طریقے کی وجہ سے انھیں گہری تشویش لاحق ہوئی تھی۔ اس کے بعد کریڈٹ کارڈ بند کر دیے گئے۔

اتنی شہرت حاصل کرنے کے بعد بھی ضروری نہیں کہ کارڈیشیئن جس چیز کو چھو لیں وہ سونا بن جائے۔

کینڈل جینر کو پیپسی کے چہرے کے طور پر دکھانے والے اشتہار نے لوگوں کو اشتعال دلایا۔ کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ اشتہار میں سیا فارم امریکیوں پر پولیس کے ہاتھوں تشدد کے خلاف شروع ہونے والی تحریک ’بلیک لائیوز میٹر‘ تحریک کا مذاق اڑایا گیا ہے۔

پیپسی نے ایک دن بعد ہی اشتہار چلانا بند کروا دیا۔

وزن کم کرنے والے پراڈکٹس کی تشہیر کے لیے پیسے لینے کی وجہ سے خاندان کے کچھ لوگوں پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔

جسم کے بارے میں مثبت رویے کو فروغ دینے والی مہم چلانے والی ریڈیو ون کی سابق میزبان جمیلہ جمیل نے کِم کارڈیشیئن ویسٹ کو ’نوجوان لڑکیوں پر ہولناک اور زہریلا اثر‘ ڈالنے والی شخصیت کہا ہے۔

جمیلہ جمیل

جمیلہ جمیل نے کِم کارڈیشیئن ویسٹ کو ’نوجوان لڑکیوں پر ہولناک اور زہریلا اثر‘ ڈالنے والی شخصیت کہا ہے

خاندان کا مستقبل کیسا نظر آتا ہے؟

خاندان کا ٹی وی معاہدہ اس سال کے اختتام تک چلے گا اور اس وقت تک واضح نہیں ہے کہ آیا ٹی وی شو جاری رہے گا یا نہیں۔ شو کے گذشتہ سیزن کی پہلی قسط 13 لاکھ لوگوں نے دیکھی جبکہ سیزن کے اختتام پر یہ تعداد آٹھ لاکھ 51 ہزار تک گر گئی۔ اگر یہ شو ختم ہونے والا ہے تو کیا اس کے بغیر بھی خاندان اسی حد تک کامیاب رہے گا؟

پروفیسر میک کِلوی کہتے ہیں ’وہ اتنی زیادہ مفت تشہیر نہیں کر پائیں گے۔‘ ’لیکن انھوں نے جعلی تنازعات کو جنم دے کر میڈیا میں رہنے کے اور بھی کامیاب طریقے ڈھونڈ لیے ہیں چاہے وہ خود ساختہ ہیں یا نہیں، یہ مفت کی تشہیر ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp