امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز کی ماسٹرز میں جیت، 11 سال بعد میجر ٹورنامنٹ میں کامیابی


گالف

ماسٹرز ٹائیگر ووڈز کا 15واں میجر تھا

امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گالف کے چار بڑے میجرز میں سے سب سے اہم ‘ماسٹرز’ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ گذشتہ 11 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے جب انھوں نے کسی بھی میجر میں جیت حاصل کی ہو۔

جارجیا آگسٹا کے مقام پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں یہ ٹائیگر ووڈز کی مجموعی طور پر پانچویں کامیابی ہے اور آخری بار انھوں نے یہ ٹورنامنٹ 14 سال پہلے جیتا تھا۔

ٹایئگر ووڈز نے ٹورنامنٹ مجموعی طور پر منفی 13 کے سکور پر ختم کیا اور ان کے ان ہم وطن گالفرز ڈسٹن جانسن، زانڈر شاؤفلے اور بروکس کوئپکا نے منفی 12 کے سکور کے ساتھ مشترکہ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹائیگر ووڈز کے بارے میں مزید پڑھیے

واپسی کے خیال سے نروس ہوں:ٹائیگر ووڈز

‘غیر معینہ مدت کے لیے گالف سے علیحدگی’

کیا جنسی لت کا علاج ممکن ہے؟

گالف

ٹائیگر ووڈز نے منفی 13 کے ساتھ جیت حاصل کی

تیسرے راؤنڈ تک برتری رکھنے والے اطالوی گالفر فرانچیسکو مولیناری کے لیے آخری راؤنڈ کافی مایوس کن رہا اور وہ اپنے ناقص کھیل کے باعص منفی 11 کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر رہے۔

سابق عالمی نمبر ایک ٹائیگر ووڈز جن کی زندگی کے گذشتہ چند سال خراب صحت اور تنازعات کی نظر ہو گئے تھے، انھوں نے اپنی 15واں میجر ٹورنامنٹ جیت کر کئی ان لوگوں کو کرارا جواب دیا جنھوں نے تبصرہ کیا تھا کہ وہ اب کبھی بھی کوئی اور میجر جیت نہیں سکیں گے۔

آخری گیند کو منزل پر پہنچانے کے بعد ٹائیگر ووڈز نے ہوا میں مکہ لہرایا اور چہرے پر بڑی سی مسکراہٹ لیے وہ جشن منانے کے لیے اپنے بچوں اور والدہ کے پاس گئے۔

گالف

آخری گیند کو منزل پر پہنچانے کے بعد ٹائیگر ووڈز نے ہوا میں مکہ لہرایا اور چہرے پر بڑی سی مسکراہٹ لیے وہ جشن منانے کے لیے اپنے بچوں اور والدہ کے پاس گئے

امریکہ کے 43 سالہ گالفر نے کہا کہ خوشی کے مارے چلّانے سے ان کا گلا بیٹھ گیا ہے۔

‘میں بس کوشش کر رہا تھا کہ ساتھ ساتھ چلتا رہوں لیکن ایک دم سے میرے پاس برتری آگئی۔ اور جب میں نے آخری ہول پر گیند کو اندر کیا تو مجھے نہیں معلوم میں نے کیا کیا، میں بھی زور سے چلانے لگا۔ میرے بچوں کو یہاں پر ہونا، یہ مجھے 1997 کی یاد دلاتا ہے جب میرے والد میرے ساتھ تھے اور اب میں خود دو بچوں کا باپ ہوں۔ یہ میری زندگی کی مشکل ترین کامیابیوں میں سے ایک ہے، خاص طور پر کیونکہ گذشتہ دو سالوں میں جو ہوا ہے میرے ساتھ۔’

ٹائیگر ووڈز کے کیرئیر میں یہ پہلا موقع ہے جب انھوں نے کم بیک کرتے ہوئے کوئی میجر ٹورنامنٹ جیتا ہو۔ اس 15ویں میجر کی جیت کے ساتھ اب وہ گالف میں میجر ٹورنامنٹس جیتنے والوں کی فہرست میں سب سے اوپر موجود جیک نکلاؤس سے اب صرف تین ٹورنامنٹ پیچھے ہیں۔

سال 2016 اور 2017 میں ٹائیگر ووڈز ماسٹرز ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے سے قاصر تھے کیونکہ ان کی کمر میں آپریشن ہوا تھا۔ مارچ 2014 کے بعد سے اب تک ٹائیگر ووڈز کی کمر کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔

اس کے بعد سال 2018 میں ٹائیگر ووڈز نے کھیل میں واپسی کی اور پہلے ‘دا اوپن’ میجر میں اچھا کھیل پیش کیا اور اس کے بعد یو ایس پی جی اے میجر میں فاتح کوئپکا کو سخت مقابلہ دیا۔

گالف

ٹائیگر ووڈز کی جیت کا اعلان بیس بال کے مقابلے کے درمیان میں بھی کیا گیا

اچھے کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹائیگر ووڈز نے سال 2018 کے اختتام پر اپنا کیرئیر کا 80واں ٹورنامنٹ جیتا جب وہ ‘ٹور چیمپئینز’ میں فاتح بنے۔

ماسٹرز میں جیت کے بعد اب وہ مجموعی طور پر سب سے زیادہ ٹورنامنٹ جیتنے والے سیم سنیڈ سے اب صرف دو ٹورنامنٹس پیچھے ہیں۔

سب سے زیادہ 18 میجرز جیتنے والے امریکی گالفر جیک نکلاؤس نے ٹائیگر ووڈز کی جیت کے بعد ٹائیگر ووڈز کو مبارک بعد دی اور کہا کہ وہ ان کی جیت سے بہت خوش ہیں اور یہ گالف کے کھیل کے لیے بھی بہت خوش آئند ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp